قومی

فیصل آباد کے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے 23 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پیکج پر کام شروع کردیا گیا ہے، نورالامین مینگل

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) صوبائی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے 23 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پیکج پر کام شروع کردیا گیا ہے جس کا پہلا فیز جون 2026 جبکہ دوسرا فیز جون 2027 تک مکمل ہو گا جس سے شہریوں کے نکاسی سے متعلقہ مسائل کا پائیدار اور جامع حل نکلے گا۔ کریسنٹ گراؤنڈ میں انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سہولیات مہیا کرنے کے لئے صوبہ بھر میں 200 ارب روپے کی سیوریج اپ گریڈیشن سکیموں پر کام جاری ہے اور یہ ترقیاتی سکیمیں پنجاب کے شہریوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہونگی۔ صوبائی سیکرٹرء ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے فیصل آباد میں مختلف مقامات پر انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینک کی تعمیر کئے جارہے ہیں جو شہر کے پونڈنگ پوائنٹس کی مناسبت سے تعمیر کئے جارہے ہیں ان انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس کی تعمیر سے بارشی پانی کی مختصر ترین وقت میں نکاسی ممکن ہو سکے گی جو شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر حفاظتی انتظامات کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے تاکید کہ کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو رواں سال مون سون سیزن سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں تک ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات پہنچ سکیں۔ اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کو پراجیکٹ بارے بریفنگ دی جس میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے فیز میں شہر میں مزید 4 انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کئے جارہے ہیں جن میں کریسٹ پارک مین شیخوپورہ روڈ، جنرل ہسپتال غلام محمد آباد سے ملحقہ،پاکستان چوک مین نڑوالا روڈ اور ہاکی اسٹیڈیم مدینہ ٹاؤن سوساں روڈ شامل ہیں۔ ان چاروں انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینکس کی تعمیر پر 87 کروڑ 57 لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور کریسنٹ پارک کا پراجیکٹ جولائی 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا جس سے ملت چوک میں جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی ممکن ہو سکے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button