پاک بھارت کشیدگی، ثالثی کرنے والا ملک میدان میں آگیا


دوحہ (94 نیوز) قطر کے وزیرِاعظم محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے بھارت اور پاکستان کے اعلیٰ حکام سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے رابطہ کیا۔
قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے ان کے حوالے سے بیانات جاری کیے گئے۔ آل ثانی نے موجودہ صورتحال پر قطر کی "گہری تشویش” کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ قطر” خطے اور عالمی سطح پر تمام ایسی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تنازعات کو مذاکرات اور پُرامن ذرائع سے حل کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔”
دوحہ نے حالیہ برسوں میں کئی بار مؤثر ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔ قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان بات چیت میں ثالثی کی، جس کے نتیجے میں رواں سال کے اوائل میں عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی۔ اسی طرح قطر نے اس بات چیت میں بھی کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں روس سے جبری طور پر لے جائے گئے یوکرینی بچوں کی واپسی ممکن ہوئی، اور وہ امریکی شہری کی رہائی میں بھی مددگار رہا جو افغانستان میں دو سال سے زائد عرصہ قید رہا۔ اس سے قبل امریکہ اور طالبان کے درمیان بھی قطر ہی ثالث تھا۔



