Vasa introduced geo-tagging system


Faisalabad(94 news) ایم ڈی واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے صارفین کا جیو ٹیگنگ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے جو کہ پیپر لیس ورکنگ کی حکمت عملی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔پہلے مرحلے میں انڈسٹریل صارفین کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے۔ اس حوالے آج واسا ہیڈ آفس میں ریونیو سٹاف کی عملی تربیت کے لئے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی رانا تصور حسین نے اپنی مدد آپ کے تحت تیار کی گئی موبائل ایپلی کیشن لانچ کی اور اس کے استعمال کے طریقہ کار بارے آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جیو ٹیگنگ کے ذریعے 90فیصد انڈسٹریل صارفین کی جیو ٹیگنگ مکمل کی جا چکی ہے جن کا تمام تر ریکارڈ متعلقہ فیلڈ ریونیو سٹاف کے موبائل فون میں درج ہو گا اور ریونیو سٹاف اپنے موبائل پر کسی بھی انڈسٹریل صارف کے اکاؤنٹ نمبر پر کلک کرے گا۔ اس کی تمام تر معلومات جن میں اس کا کرنٹ بل،واجبات،لائیو لوکیشن و دیگر اس کے سامنے ہونگی۔ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی نے مزید بتایا کہ اسی طرح جیو ٹیگنگ کے زریعے کسی بھی انڈسٹریل یونٹ کا راستہ بھی موبائل ایپلی کیشن دکھائے گا اس طرح ٹریس نہ ہونے والے صارفین کا معاملہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جیو ٹیگنگ ایک جامع پیپر لیس پلان ہے جس سے واسا کے ریونیو ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ صارفین کے مسائل بھی موقع پر ہی حل ہو سکیں گے۔



