قومی

میٹرک اور انٹر کے امتحانات کب اور کیسے ہوں گے؟

کراچی (94 نیوز) میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کب اور کیسے ہوں گے اس حوالے سے صوبہ سندھ کے چئیرمین بورڈز اور سیکرٹری ایجوکیشن کی اہم اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے لیے دو تجاویز سامنے آئی ہیں۔ پہلی تجویز یہ کی گئی کہ رواں سال اختیاری مضامین کا امتحان لیا جائے۔ جبکہ دوسری تجویز یہ پیش کی گئی کہ امتحانات ایم سی کیوز کی طرز پر لیے جائیں۔
یہ تجاویز محکمہ تعلیم کو ارسال کر دی گئی ہیں جن پر حتمی فیصلہ وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ہو گا۔ واضح رہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے معاملے پر بین الصوبائی وزرائےتعلیم کانفرنس آج ہوگی، وفاقی وزیرتعلیم شفقت محموداجلاس کی صدارت کریں گے، اس اجلاس میں تمام صوبائی وزرائےتعلیم شریک ہوں گے۔
اجلاس میں بورڈامتحانات سےمتعلق حتمی فیصلہ ہوگا جبکہ تمام تعلیمی ادارےکھولنے سےمتعلق بھی فیصلہ متوقع ہے۔

یاد رہے کہ 24 مارچ 2021ء کو محکمہ تعلیم سندھ نے رواں تعلیمی سال کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے تحت سندھ میں میٹرک کے امتحانات یکم جولائی سے ہوں گے۔ محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق نرسری سے آٹھویں جماعت کے امتحانات 7 جولائی سے ہوں گے۔ محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں میٹرک کے امتحانات یکم جولائی سے ہوں گے۔ جبکہ صوبے میں انٹر کے امتحانات 28 جولائی سے ہوں گے۔
جس کے بعد اپریل میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ 22 اپریل سے صوبے بھر میں تعلیمی عمل بحال ہوجائے گا جبکہ 9 ویں سے 12 ویں جماعت تک امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ حال ہی میں سندھ میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا کیونکہ چیئرمین تعلیمی بورڈز کی جانب سے سندھ حکومت کو خط لکھا گیا ، جس میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت گرانٹ نہیں جاری کر رہی ۔
چیئرمین تعلیمی بورڈز کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سندھ حکومت نے تعلیمی بورڈز کو تین ارب سے زائد کی گرانٹ دینی ہے جو کہ ادا نہیں کی جا رہی ، فوری طور پر گرانٹ نہ ملی تو امتحانات کا انعقاد مشکل ہو جائے گا۔ خط میں کہا گیا کہ ادائیگیاں نہ ہونے کے سبب اساتذہ بورڈز کے ساتھ کام کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button