مسئلہ کشمیر حل نہ ہونا اقوام متحدہ کے وجود پر بڑا سوالیہ نشان ہے،علماء مشائخ

ملک بھر کے علماء مشائخ غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائیں گے، صاحبزادہ نقشبندی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کے علماء مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن أف پاکستان 27اکتوبر کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کے خلاف یوم سیاہ منائیگی،یوم سیاہ پر کشمیری عوام کی جدوجہد اجاگر کی جائے گی،مسئلہ کشمیر حل نہ ہونا اقوام متحدہ کے وجود پر بڑا سوالیہ نشان ہے،کشمیر یوں نے بھارتی ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی، اب وقت آگیا ہے کہ عالمی ادارہ اپنا اختیار استعمال کرے اور کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے، عالمی برادری کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے، بھارت جموں و کشمیر میں ایک کٹھ پتلی وزیراعلیٰ لانا چاہتا ہے تاکہ مقبوضہ علاقے پر اپنے تسلط کو مزید مضبوط کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر کشمیریوں کیلئے ڈومیسائل حقوق اور نام نہاد حلقہ بندیاں بھارتی حکومت کے اسی منصوبے کا حصہ ہیں،ملک بھر کے علماء مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن أف پاکستان کے سربراہ سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشیں آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا نے پاکستانی قوم پر پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر مسلسل جاری غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائیں، بھارت نے 27اکتوبر 1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے سری نگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتار کر مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی ریاست پر قبضہ جما لیا،صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے ایک پیغام میں کہا کہ 27اکتوبر مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات پامال کرتے ہوئے کشمیر پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ اس کیخلاف گزشتہ 77برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس کی پاداش میں بھارت انہیں بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو حل کئے بغیر پائیدار امن واستحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کر رہے ہیں اور قراردادوں پر عمل درآمد کے منتظر ہیں، بھارت ان کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے، عالمی ادارے کو چاہئے کہ وہ بھارتی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کا نوٹس لے او ر مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے اس پر دباؤڈالے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا دن منایا جا رہا ہے، کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت سے متعلق عالمی ادارے کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں، علماء مشائخ فیڈریشن أف پاکستان کے تاجمان کے مطابق 27اکتوبر کو منائے جانے والے یوم سیاہ کے سلسلے میں علماء مشائخ فیڈریشن أف پاکستان کے زیر اہتمام ”اقوام متحدہ اور جموں و کشمیر تنازعہ“ کے موضوع پرسیمینار منعقد ہوگا، جس میں مقررین جموں و کشمیر کے تنازعہ کی پیچیدگی اور ان چیلنجز کو اجاگر کریں گے جو اقوام متحدہ کو اپنے مقاصد اور اصولوں کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد اور مظلوم عوام کیلئے انصاف کو یقینی بنانے میں درپیش ہے۔



