National

مسئلہ کشمیر بھی اقوام متحدہ جتنا ہی پرانا ہے جسے حل ہوناچاہیے،ڈپٹی کمشنر

مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے لئےاٹھ کھڑے ہوئے ہیں، علی احمد سیان

Faisalabad(94 news) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اشتراک سے ”مسئلہ کشمیر کے حل میں اقوام متحدہ کی ناکامی“کے عنوان سے سمینار چیمبر آف کامرس کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی مہمان خصوصی تھے جبکہ سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،صدر چیمبر آف کامرس رانا سکندر اعظم،سابق صدر سید ضیاء علمدار حسین،ڈی ای او سیکنڈری خالد اختر،تاجر نمائندے،سول سوسائٹی کے افراد اور مختلف سکولوں کے طلباء اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھی اقوام متحدہ کی تاریخ جتنا ہی پرانا ہے جسے حل کرنے میں اقوام متحدہ کو سنجیدگی کامظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر لے کر گیا اور کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کے فیصلوں پر عملدرآمد سے انکاری ہوگیا جو کہ سراسرناانصافی اور کشمیری عوام کے ساتھ ظلم وزیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کی فراہمی کے لئے عالمی طاقتوں کو اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنا چاہیے اور مقبوضہ جموں کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انڈین فورسز کے جبر وتشدد کا فوری نوٹس لیکر انہیں آزادی کی نعمت سے سرفراز کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ہونے والے ظلم وستم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

صدر چیمبر آف کامرس رانا سکندر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ انڈین بربریت کا نوٹس نہ لینا اقوام متحدہ کا مجرمانہ فعل ہے کیونکہ 80روزسے کشمیری مسلمان ظالم کرفیو کی زد میں ہیں جو کہ انسانیت سوز سلوک کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ سمیت عالمی اداروں کا کشمیریوں سے ظلم وبربریت کے خلاف احساس جگانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں سے بھرپور ہمدردی اور احساس کا رشتہ قائم رہے گا اور انہیں انشاء اللہ ضرور آزادی نصیب ہوگی۔

سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ عالمی تنازعات ومسائل کے حل کے لئے اقوام متحدہ کا قیام 24،اکتوبر میں عمل میں آیا تھا لیکن عالمی پلیٹ فارم مسئلہ کشمیر کے حل میں ابھی تک ناکام ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام اب اٹھ کھڑے ہوئے ہیں انہیں آزادی سے محروم نہیں رکھاجائے گا۔کشمیری حریت پسندوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button