قومی

فیصل آباد: تعلیمی بورڈ نے امتحان میٹرک جماعت دہم و کمپوزٹ (سیکنڈ) سالانہ کے نتائج کا اعلان کردیا، کامیابی کا تناسب 42.82 فیصد رہا

فیصل آباد (94 نیوز میاں ندیم احمد) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک جماعت دہم و کمپوزٹ (سیکنڈ) سالانہ2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی سادہ و پروقار تقریب کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن چیئرمین بورڈ نے لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کررزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ bisefsd.edu.pk www.پر بھی اَپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان میٹرک (سیکنڈ) سالانہ 2025 ء میں کل 20977 طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 8982 پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 42.82 فیصد رہا انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد‘ جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلباء وطالبات کیلئے الگ الگ 32 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ طلباء وطالبات کوپیپر دینے کیلئے دور دراز علاقوں کے سنٹروں میں نہ جانا پڑے بلکہ ان کے اداروں یا گھروں کے قریب ہی واقع امتحانی مراکز میں انہیں یہ سہولت میسر رہے۔اس موقع پر کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت نتائج انتہائی احتیاط‘ محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشاء اللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اورہر قسم کی غلطیوں سے پاک ہیں تاہم طلباء وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق غیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں ایسے طلباء وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تو نہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبرز0412517710 یا 0419330366پر رابطہ کر سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button