فیصل آباد، میٹرو سے پہلے چھ روٹس پر ایکو فرینڈلی86 بسیں چلائی جائیں گی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب

ڈپو کیلئے غلام محمد آباد، سرگودھا روڈ اور گٹ والا کا انتخاب کر لیا گیا،جہاں چارجنگ اسٹیشن، سولر سسٹم، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، سروس اسٹیشن و دیگر انتظامی امور کے لئے اقدامات شروع کر دیئے،157 بس شیلٹرز178 فلیگ پوسٹس قائم کی جائیں گی

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے فیصل آباد میں اربن ٹرانسپورٹ کی ضروریات، میٹرو بس سروس کی پلاننگ اور اندرون شہر الیکٹرک بسوں کے منصوبے کے آغاز کا جائزہ لینے کے لئے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ایف ڈی اے کمپلیکس کے کمیٹی روم میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنور انوار خاں، جنرل مینجر آپریشن محمد عزیر شاہ، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر وسیم اکرم، سی ٹی او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی حسن فائق منہاس، مینجر آپریشن پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی رضوان نزیر اور محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر شہاب اسلم، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈی ایس پی ٹریفک خالد علیم و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کنسلٹنٹ ایشیائی ترقیاتی بینک محمد مبشر نے میٹرو بس سروس کی پلاننگ اور سی ٹی او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی حسن فائق منہاس نے فیصل آباد میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے فیصل آباد کے شہریوں کے لئے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد میں اندرون شہر سفر کی معیاری،باوقار اور باکفایت سہولیات فراہم کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں چھ روٹس پر ایکو فرینڈلی86 بسیں چلائی جائیں گی جن میں 9 میٹر کی50،اور11میٹر کی 36،الیکٹرک بسیں شامل ہیں۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد جن کے فنڈز جاری ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان بسوں کے ڈپو قائم کرنے کے لئے غلام محمد آباد، سرگودھا روڈ اور گٹ والا میں تین مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے جن میں ان بسوں کے لئے چارجنگ اسٹیشن، سولر سسٹم، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، سروس اسٹیشن و دیگر انتظامی امور کے لئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔اس منصوبے کے لئے شہر میں 157 بس شیلٹرز اور178 فلیگ پوسٹس قائم کی جائیں گی جبکہ سافٹ ویئر ڈویلپ کر کے روٹس پر بسوں کی ٹائمنگ، شیڈول، روٹس اور دیگر متعلقہ معلومات کے لئے ایپ متعارف ہوگی سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ، ایف ڈی اے، ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن و دیگر متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ الیکٹرک بسوں کے روٹس کی ڈویلپمنٹ اور روڈ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کریں کیونکہ اس منصوبے کا آغاز یوم آزادی کے موقع پر14،اگست 2025ء کو ہو جائے گا۔اجلاس کے دوران بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے تحت سسٹین ایبل فنانسنگ ماڈل فار پنجاب اربن پبلک ٹرانسپورٹ فیصل آباد کی تفصیلات، فیلڈ ڈیٹا کلیکشن اور فیصل آباد کوالٹی پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک رپورٹ کے مختلف ضمنات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جن میں میٹرو بس کے چار سروس کوریڈور زیر بحث آئے جبکہ فیصل آباد میں موجودہ اربن ٹرانسپورٹ سسٹم،چنگ چی، ویگنوں اور دیگر دستیاب سواریوں کی صورتحال اور اندرون شہر سفر کی شدید ضرورت کے دس ٹاپ ٹین ایریا کی نشان دہی کی گئی جن میں سے مسافروں کی تعداد، ٹریفک کے حجم کو مد نظر رکھتے ہوئے ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے تھرڈ جنریشن میٹرو بس منصوبے کی پلاننگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ فلائی اوور، انڈر پاس یا زمین پر چلنے والی میٹرو بس سروس کے لئے روٹ کے ایریاز کو محکمہ ریونیو کے نقشے کے مطابق ترتیب دیں تا کہ کسی جگہ زمین کے حصول کے لئے پیشگی بنیادوں پر اقدامات ہو سکیں۔انہوں نے میٹرو بس سروس کے منصوبے کو الیکٹرک بسوں کے منصوبے سے مربوط بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ واسا سمیت فیسکو و دیگر تمام محکموں سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے میٹرو بس سروس منصوبے کے لئے روڈ نیٹ ورک کا بخوبی جائزہ لینے اور اس سروس کی کینال ایکسپریس وے، فیڈمک اور سرگودھا روڈ پر چنیوٹ تک وسیع کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ اسے واسا ضرور مربوط کیا جائے۔ اجلاس کے دوران پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے افسران نے لاہور،راولپنڈی اور ملتان میں میٹرو بس پراجیکٹ کے تجربات و مشاہدات کے تحت فیصل آباد میں نقائص سے پاک میٹرو بس پراجیکٹ کے لئے بعض تجاویز دیں۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کو سیکرٹری آر ٹی اے فیصل آباد ہمایوں رشید اور سی او ضلع کونسل فیصل شہزاد کی طرف سے جنرل بس اسٹینڈ کی ری ماڈلنگ کے لئے تیار کردہ ماسٹر پلان کے بارے میں بریفنگ کے علاوہ بغیر روٹ پرمٹس چلنے، دھواں چھوڑنے، ایکسل لوڈ اور زائد کرایہ وصول کرنے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹ اڈوں پر مسافروں کی سہولیات اور سکیورٹی کے لئے تمام تر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی اور بتایا کہ بسوں کے روٹ پرمٹس کے اجراء کے لئے آن لائن سسٹم شروع کیا جارہا ہے۔ بعد ازاں سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور دیگر افسران کے ہمراہ الیکٹرک بسوں کے لئے مجوزہ ڈپوؤں کے مقامات اور جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران ضروری ہدایات جاری کیں۔



