صوبے کا امن ہماری ترجیحات اور آج کے جرگہ کاایجنڈا ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی

امین گنڈاپور کی میزبانی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر فیصل کریم کنڈی،ایمل ولی، پروفیسرابراہیم،محسن داوڑ،میاں افتخار،محمدعلیشاہ باچا،سکندرشیرپاؤ کی خصوصی شرکت

پشاور(94 نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ صوبے کا امن ہماری ترجیحات اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں گرینڈجرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جرگے میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان خیبرپختونخوااسمبلی جرگے میں شریک ہوئے۔ جرگے میں ایمل ولی، پروفیسر ابراہیم، محسن داوڑ، میاں افتخار، محمد علی شاہ باچا ،سکندر شیرپاؤ نے بھی شرکت کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی آمد پر خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی ممبران کا بھی مشکور ہوں،جرگے کے انعقاد پر صوبائی حکومت کا شکرگزار ہوں،ان کاکہناتھا کہ صوبے کا امن ہماری ترجیحات اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا ہے ،سیاسی اختلافات ہیں مگر صوبےکا امن، عوام کی خوشحالی ترجیحات ہیں،فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں، اس خطے میں افغانستان کا مسئلہ ہمارے سامنے ہے،افغانستان پر عالمی برادری مذاکرات سے مسئلے کے حل پر متفق ہوئی،کل خیبر میں افسوسناک واقعہ ہوا،ہمارے پاس وقت کم ہے،ہم نے سب کو مذاکرات پر آمادہ کرنا اور مسئلہ کا حل نکالنا ہے،عوام کی خوشحال اور صوبے کا مفاد ہماری ترجیحات ہیں۔



