قومی

صوبائی وزیرایکسائزاینڈٹیکسیشن حافظ ممتازکاانسدادپولیو مہم بارے چنیوٹ کادورہ

فیصل آباد(94 نیوز) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن /انچارج انسداد پولیو مہم فیصل آباد ڈویژن حافظ ممتاز احمدنے انسداد پولیو کی جاری مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا اور مختلف پبلک مقامات پر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ویکسینیشن کا ریکارڈبھی چیک کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدربھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق نیازی،اسسٹنٹ کمشنرزعائشہ یاسین،فضل عباس،حافظ عمران،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف ودیگر افسران موجود تھے۔

صوبائی وزیر ایکسائز نے ختم نبوت چوک سمیت دیگر ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کی موجودگی چیک،والدین سے بچوں کو قطرے پلوانے اور بعض بچوں کو خود بھی حفاظتی قطرے پلائے۔صوبائی وزیر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن  اور اس موذی مرض کا یکسر خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے انہیں فیصل آباد ڈویژن میں انسداد پولیو مہم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے اور گذشتہ چار ایام میں انہوں نے ضلع چنیوٹ سمیت فیصل آباد ڈویژن کے تمام اضلاع کے دورے کرکے مہم کے ٹارگٹس اور حاصل کردہ اہداف کا جائزہ اور فیلڈ میں بھی انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد کو چیک کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کا تسلسل معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور پولیو کی ہر مہم کو کامیاب بنانے میں والدین،علماء کرام،اساتذہ اورتمام طبقات کے گرانقدرتعاون کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جن سے آئندہ بھی اسی طرح کی ذمہ داری کی توقع ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ چاروں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ،ہیلتھ اتھارٹیز اور دیگر معاون محکمے انسداد پولیو کی جاری مہم میں محنت اورذمہ داری سے فرائض انجام دے رہے ہیں جس کے باعث انسداد پولیو کی بڑی اور اہم قومی مہم کامیابی سے مکمل کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی اور دوسرا آپشن نہیں اور اللہ پاک کے خاص فضل سے پولیو کے خاتمے کی منزل اب بہت قریب ہے۔انہوں نے انسداد پولیو کی جاری مہم میں  میڈیا کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتازاحمد نے ڈی سی آفس چنیوٹ میں ایک اجلاس کے دوران مہم پر عملدرآمد کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع میں انسداد پولیومہم کے دوران پانچ  سال تک کی عمر کے2 لاکھ 48 ہزار286بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر تھا جس کے لئے محکمہ صحت کی 603 ٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور گذشتہ تین ایام میں 2 لاکھ 33 ہزار 915 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ کسی وجہ سے گھروں سے غیر حاضر بچوں کو قطرے پلانے کااہداف حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مہم کی کڑی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور مختلف محکموں کے افسران کو بھی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی سپروائزرز مقررکیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خانہ بدوشوں اور دیگر صوبوں سے مزدوری‘ کاروبار کے لئے عارضی رہائش پذیر افراد کے بچوں سمیت والدین کے ساتھ سفر کرنے والے بچوں کو ذمہ داری سے انسداد پولیو قطرے پلائے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر ایکسائز نے جاری مہم کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے آخری روز  گھروں سے غیر حاضر بچوں کو تلاش کرکے انہیں حفاظتی ویکسین پلائی جائے اور گھر گھر جاکر والدین سے ان کے بچوں کو قطرے پلوانے کے بارے میں تصدیق کریں تاکہ کسی جگہ کوئی بچہ قطرے پیئے بغیر نہ رہے اور سو فیصد اہداف حاصل کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار وطن عزیز کو پولیو فری بنانے کے لئے کوشاں ہیں لہذا محکمہ صحت کی طرف سے بھرپور کوششوں میں کمی نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے سپیشل سپروائزرز کی ذمہ دارانہ مانیٹرنگ کو بھی سراہا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید حسنین حیدر نے بتایا کہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے شیڈول پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہاہے۔اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ نے مہم پر عملدرآمد جبکہ عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹرز نے ضلع میں انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button