تقریبات/سیمینارز

نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنارہے ہیں، گورنر پنجاب

فیصل آباد(94 نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم وٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لئے ہائر ایجوکیشن پر خصوصی توجہ مرکوزہے اس سلسلے میں یونیورسٹیز میں علم وتحقیق کا معیار مزید بلند کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جامعیات کو عالمی معیار کے ادارے بنایا جاسکے۔انہوں نے یہ بات زرعی یونیورسٹی میں 24 ویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسنین بہادر دریشک،صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف،مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز،معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق،ارکان اسمبلی فیض اللہ کموکا،نواب شیر وسیر،لطیف نذر،شکیل شاہد،میاں خیال کاسترو،سعید احمد سعیدی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، سینڈیکیٹ کے ارکان،پروفیسرز،طلباء وطالبات اوروالدین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

گورنر پنجاب نے ڈگری حاصل کرنے والے طالب علموں،ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ وہنر مند نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے لہذا وہ اپنے علم وتحقیق اورفنون کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی میں بھرپورکردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت مضبوط،مستحکم اورروشن پاکستان کی منزل کے حصول کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے دیگر شعبوں میں ہمہ جہت پالیسیوں پرعملدرآمد کرنے کے ساتھ ساتھ جدیداوروسیع تعلیمی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ قومی ترقی کا انحصار علمی ستونوں پر ہے۔انہوں نے ڈگری ہولڈرز سے کہا کہ وہ مختلف علوم پر دسترس حاصل کرکے ملک کی تعمیروترقی کے لئے میدان عمل میں آئیں تاکہ پاکستان کودرپیش چیلنجز کامقابلہ کرکے اسے عظیم فلاحی اور ترقی یافتہ ریاست بنایا جاسکے۔گورنر پنجاب نے مختلف شعبوں میں ڈگری حاصل کرنے والوں کے لئے مستقبل میں مزید کامیابی کی دعا کی اور کہا کہ ان کے عباء فضیلت میں وطن،والدین،معاشرے اور غریب آدمی کا بھی حصہ ہے جس کی قدر کرتے ہوئے وہ پروفیشنل زندگی کے دوران انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ عوامی خدمت کرنے والوں کانام ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔اس سلسلے میں ان کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے متعدد پروگرامز شروع کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جامعات میں اعلیٰ تعلیمی معیار اولین ترجیح ہونی چاہیے اس ضمن میں وائس چانسلرز پر بھاری ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ ادارہ میں زیرتعلیم طالب علموں کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں لیکن موجودہ حکومت نے یونیورسٹیز میں میرٹ پالیسی کو اپناتے ہوئے وائس چانسلرز بھرتی کئے لہذا وہ بھی اداروں میں میرٹ کو ترجیح دیں تاکہ کسی طالب علم کی حق تلفی نہ ہو۔انہوں نے زرعی یونیورسٹی کی تاریخی حیثیت کا ذکرکرتے ہوئے یونیورسٹی کی اعلیٰ کارکردگی کی تعریف کی اور امیدظاہر کی کہ مستقبل میں بھی یہ یونیورسٹی تعلیمی ترقی کی منازل طے کرے گی۔گورنر پنجاب نے کانووکیشن میں ارکان اسمبلی کی نمائندگی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان کی موجودگی سےطالب علموں کے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔انہوں نے وزیر اعظم کے ٹن بلین ٹری پروگرام کا ذکرکرتے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے درخت لگا کر ان کی حفاظت انتہاتی ضروری ہے لہذا طالب علم اس اہم فریضہ کا بھی بیٹرہ اٹھائیں اور وطن عزیز کو کلین اینڈ گرین بنانے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے پانی کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کو دور کرنے کے لئے ایک ایک قطرہ بچانے کا پیغام عام کیا جائے ۔گورنر پنجاب نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے بدترین جارحیت اور ظلم وبربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کے انتہا پسندانہ اقدامات سے پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ عیاں ہوا ہے اور آج اقلیتوں کے عدم تحفظ کی بدولت پورا بھارت کشمیر بناہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر محمد اشرف نے تعلیمی میدان میں زرعی یونیورسٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی تعلیمی شعبے کی ترقی کے لئے اپنے مقاصد کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کو دنیا کی بڑی یونیورسٹیز کے لیول پر لانے ،کوالٹی ایجوکیشن کی پروموشن اور یونیورسٹی کے معیار میں مزید اضافہ کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کیمپس میں کلین اینڈ گرین پروگرام پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے اور طالب علموں کو دورحاضر کی جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیمی معیار سے منسلک کرنے کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی میں 37 ہزار سے زائد طالب علم زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسی طرح کامیابی کی منازل طے اور ملکی خدمت میں اپنااہم کردار اداکریں۔

کانووکیشن کے دوران سال 2016 کے مجموعی طور پر 6827 طالب علموں کو ڈگریوں سے نوازا گیا جن میں 154پی ایچ ڈی،1473ایم فل اینڈ ایم یس،3641ایم ایس سی،ایم ایس سی اونرز،ایم بی اے،ایم اے،ایم کوم،ایم ایڈ اور1559 گریجوایٹ سطح کے طالب علم شامل تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button