صفائی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات زیرو ہونی چاہئے، ڈپٹی کمشنر


فیصل آباد (94 نیوز) ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے ستھراپنجاب کے حوالے سے صفائی اپریشن پر عملدرآمد کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اجلاس کی صدارت کی اور اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاہرات پر نصب کنٹینرز کو روزانہ کلیئر کرایا جائے اور صفائی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات زیرو ہونی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل سکوارڈ بناکر صفائی کے عمل کی مانیٹرنگ کی جائے اور آئندہ میٹنگ میں مینجرز تفصیلات سے آگاہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ تحصیل مینجرز زیروویسٹ کی پہلے اور بعدکی تصاویر بھجوائیں اور کام چوروں کی کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کنٹرول رومز کو فعال کرنے اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز سے مکمل کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ صفائی کی صورتحال عوامی توقعات سے بڑھ کرنظر آنی چاہیے۔ انہوں نے گرین بیلٹس کو صاف رکھنے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ ڈنگ ٹپاؤ کی بجائے عملی اقدامات نظر آنے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈبل شفٹ میں کام کیا جائے اور شہرکے ساتھ ساتھ دیہات بھی صفائی کا اعلی نمونہ نظر آنے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر نے سٹاف کی فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ حاضری کا سسٹم بہتر بنائیں۔انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو آؤٹ سورس نظام کی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔



