موجودہ موسم میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، ایم ڈی واسا عامر عزیز


فیصل آباد (94 نیوز) ایم ڈی واسا عامر عزیز نے انسداد ڈینگی مہم کے ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئے واسا ہیڈ آفس کی چھت کا وزٹ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی کو چیک کیا۔ ڈائریکٹر ایڈمن جاوید غنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کے دوران تمام واسا دفاتر،ڈسپوزل اسٹیشنزاور اوورہیڈ ریزوائرز کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کی جائے کسی بھی جگہ ساکن پانی موجود نہیں ہونا چاہئے اور ان معاملات میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کے تمام ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جانا چاہیئے کیونکہ ڈینگی سے بچاؤ کا واحد طریقہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے۔ ایم ڈی واسا نے سٹیزن لائزن سیل کو بھی ہدایت کی کہ وہ شہریوں میں آگاہی مہم شروع کریں کہ ڈینگی مچھروں سے کیسے بچاؤ ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کل کا موسم مچھروں کی افزائش کا موزوں وقت ہے اس لئے ان دنوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے تمام واسا افسران اور سٹاف اپنے طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے واضح کیا کہ تمام ڈائریکٹوریٹس کے افسران اپنے متعلقہ دفاتر اور دیگر عمارتوں کا سرپرائز وزٹ کریں اور انسداد ڈینگی مہم کے ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیں۔انہوں نے مزید کہا انسداد ڈینگی مہم کے تحت تمام ویجی لینس ٹیمیں ایس او پیز کی مانیٹرنگ کررہی ہیں اس لئے تمام ڈائریکٹوریٹس جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔



