قومی

حکومت نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا

فیصل آباد (94 نیوز) پنجاب حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) نے ترقیاتی کاموں کی ترجحی بنیادوں پر تکمیل کے لیے بولیاں (بڈز) طلب کر لی ہیں۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد سی پیک فریم ورک کے تحت ڈویلپ کئے جانے والے تین ترجیحی سپیشل اکنامک زونز میں سے ایک ہے۔ یہ سپیشل اکنامک زون 4000 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو انتہائی اسٹریٹجک اہمیت کے حامل موٹر وے ایم فور پر ساہیاں والا انٹرچینج کے قریب واقع ہے۔

فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ اس خصوصی اقتصادی زون میں مین بولیوارڈ، داخلی دروازہ اور باونڈری وال کی تعمیر دسمبر 2019 میں شروع ہو کر 6 ماہ کی مدت میں مکمل ہو گی۔ اپنے شاندار محل وقوع، بہترین انفراسٹرکچر اور انتہائی ماہر پیشہ ور ٹیم کی بدولت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کا پہلا انتخاب ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ فیڈمک 8500 ایکڑ اراضی کے ساتھ پاکستان میں سب سے بڑا خصوصی اقتصادی زون ہے۔

ایم۔ 3 انڈسٹریل سٹی فیصل آباد 4500 ایکڑ پر محیط فیڈمک کا ایک اورشاندار منصوبہ ہے جہاں گذشتہ 2 برس میں 1.8 بلین ڈالر کی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاری بھی ہو چکی ہے جن میں کوکا کولا ، ہنڈائی، رینالٹ، حیات کیمیا، ڈائیوو، ٹریٹ جے وی، ڈلی جے ڈبلیو، ٹائم سرامکس، اورینٹ، غنی گروپ، برائٹو پینٹس جیسے بڑے برانڈز بھی شامل ہیں۔

صنعتوں کیلئے انتہائی معاون انفراسٹرکچر اور بہترین ون ونڈو سروس سنٹرکی وجہ سے ایم 3 انڈسٹریل سٹی نجی چینی سرمایہ کار کمپنیوں کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے اور 22 سے زائد چینی کمپنیاں اس میں سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔ چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ علامہ انڈسٹریل سٹی ساہیاں والا انٹرچینج ، فیصل آباد میں ایم تھری انڈسٹریل سٹی کے بالمقابل قائم کیا جا رہا ہے۔ اس علاقہ میں بڑی تعداد میں ہنر مند اور نیم ہنر مند ورک فورس دستیاب ہے اور یہ موٹروے ایم -4 کے ذریعے ملک بھر سے منسلک ہے اور یہاں سے تیار مال کی سپلائی کیلئے تمام بڑی منڈیاں پونے دو گھنٹے کی مسافت پر واقع ہیں جو اس کی اہمیت کو دو چند کر دیتا ہے۔

موٹر وے ایم 4 ، جہاں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی واقع ہے، جنوب میں کراچی پورٹ اور ڈیپ سی پورٹ گوادر اور شمال میں اسلام آباد ، پشاور چین ، افغانستان اور وسط ایشیائی ریاستوں سے منسلک ہے۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی بجلی اور گیس کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور انڈسٹریل سٹی میں ٹرنک روڈ پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرنے والی صنعتوں کو فوری طور پر بجلی اور گیس فراہم کر دی جائے گی ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button