لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی بار خاتون جج عالیہ نیلم چیف جسٹس کے عہدے پر فائز


لاہور (94 نیوز) لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون جج چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہو گئی ہیں۔
جوڈیشل کمیشن نے ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنانے کی منظوری دے دی،
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلیے 3 ناموں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم پر غور کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس کا تقرر تین ججز کے درمیان ووٹنگ کے ذریعے ہوا۔ جسٹس عالیہ نیلم ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر تھیں، لاہور کی جسٹس عالیہ نیلم 1966 میں پیدا ہوئیں، پنجاب یونیورسٹی لا کالج سے 1995 میں لا کی ڈگری حاصل کی اور قانون کے دیگر ڈپلومے بھی کر رکھے ہیں۔1996 میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں، 1998 میں ہائیکورٹ جبکہ 2008 میں سپریم کورٹ کی وکیل بنیں، وہ آئینی، سول، فوجداری، دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں پریکٹس کرتی رہی ہیں۔ 2013 میں لاہور ہائیکورٹ کی ایڈہاک جج کے طور پر تعینات ہوئیں، 2015 میں لاہور ہائیکورٹ کی مستقل جج بن گئیں۔



