قومی

محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد کا فیصل آباد کا دورہ

فیصل آباد (94 نیوز) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد نے سابق صوبائی خطیب محکمہ اوقاف مولانا مفتی محمد اسحاق ساقی کی سرابرہی میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی امن کمیٹیز کے ارکان سے ملاقات کی۔کمشنرسلوت سعید، آرپی او کے نمائندہ میاں اکمل،ڈپٹی کمشنرجھنگ محمد عمیر،ڈپٹی کمشنرٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز فیصل آباد اور چنیوٹ،ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد،ڈی پی اوز اور محکمہ اوقاف کے افسران بھی موجود تھے۔اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد میں مولاناضیا الرحمن فاروقی،مولانا مختار ندیم،مفتی کریم خاں،مولانا نصراللہ، مفتی ضیاء مدنی،مولاناریاض کھرل، مولانا محمداعظم فاروق،مولانا طاہر الحسن،مفتی عبدالمعید اسعد،سیداحسان علی شاہ،شبیراحمد عثمانی،اسلم بھلی اور چاروں اضلاع سے دیگر علماء کرام شامل تھے۔ سابق خطیب محکمہ اوقاف نے کہا کہ تمام مسالک کے جیدعلماء کرام پر مشتمل اتحاد بین المسلمین وفود پنجاب بھر میں دورے کرکے امن کمیٹیوں اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران سے ملاقات کر رہے ہیں تاکہ محرم الحرام میں مذہبی رواداری،بھائی چارے اور قیام امن کی کوششوں کو ثمر آور کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ پائیدارامن کیلئے تمام مسالک کے علماء کرام آپس میں متفق و متحد ہیں اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ہمہ تن سرگرم عمل ہیں۔محرم الحرام کے دوران بھی علماء کرام و مشائخ عظام باہمی اتحاد اور بھائی چارے کے جذبات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لانے کاعزم رکھتے ہیں تاکہ اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ امن برقرار رکھنے میں علماء کرام،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اورپولیس کا مضبوط باہمی رابطہ بے حد ضروری ہے جس میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کا ماحول برقرار رکھنے میں تمام مسالک کے علماء کرام کی خدمات مثالی ہیں جنہوں نے ہمیشہ امن اورملکی سلامتی کو مقدم رکھا۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام بردباری اور مذہبی رواداری کا پیغام سماج میں نچلی سطح تک پہنچائیں تاکہ اتحاد و اتفاق کی فضاء قائم رہے اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔انہوں نے علماء کرام کی طرف سے بعض مسائل کی نشاندہی پر ان کے حل کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ فرقہ وارانہ فساد کو ختم کرکے فرقہ وارانہ اتحاد کے قیام کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہیں۔انہوں نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد کا خیر مقدم اور لاہور سے تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔کمشنر نے کہا کہ اسلام امن وآشتی کا دین ہے اور اللہ کا حکم ہے کہ بھائیوں کے درمیان صلح کراؤ۔امن وسلامتی کے قیام کے لئے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھا جائے۔ڈویژنل وضلعی اور پولیس انتظامیہ کا علماء کرام سے قریبی اور مسلسل رابطہ ہے اور رفاقت کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران ذمہ داریوں کا ادراک کرنا ہے اور کوشش کی جائے کہ ہماری زبان اور ہاتھ سے کسی کو نقصان یا دل آزاری نہ ہو۔آر پی او کے نمائندہ نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں امن وامان کی فضا خوشگوار ہے۔ پولیس کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں تاہم علماء کرام کی تجاویز کا ہمیشہ خیر مقدم کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے علماء کرام کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور اخوت و یگانگت کے لئے علماء کرام کی کوششیں لائق تحسین ہیں تاہم محرم الحرام کے حساس ایام کا شدید تقاضا ہے کہ مذہبی رواداری اور باہمی اتحاد و اتفاق کی فضاء قائم رکھی جائے کیونکہ اسلام و ملک دشمن عناصر ہمارے اتحاد میں رخنہ اندازی کرکے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر سکتے ہیں جسے ناکام بنانے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی احساس کرناہے۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ امن کا قیام ترجیح ہے اس سلسلے میں ضلعی پولیس علماء کرام سے مل کر اپنا بھرپور کردار اداکرے گی۔ڈویژن بھر کے علماء کرام نے امن کے قیام کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور بعض تجاویز بھی پیش کیں۔اجلاس میں لاہور سے آئے ہوئے علماء کرام نے بھی اظہار خیال کیا۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی،اتحاد و اتفاق،امن و امان کی سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی برقراررکھنے کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button