قومی

نظریہ پاکستان کا تحفظ اور نئی نسل کو اس سے روشناس کرانا مشترکہ ذمہ داری ہے،کمشنر ثاقب منان

فیصل آباد(94 نیوز) نظریہ پاکستان درحقیقت نظریہ اسلام ہے جس کا تحفظ اور نئی نسل کو اس سے روشناس کرانا مشترکہ ذمہ داری ہے۔

یہ بات کمشنر ثاقب منان نے نظریہ پاکستان فورم کے زیر اہتمام یوم قائد اعظم محمد علی جناح کی حوالے سے نظریہ پاکستان ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فرخ رضوان،صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی،مولانا محمد یوسف انور، مولانا محمد ریاض کھرل،صدر نظریہ پاکستان فورم میاں عبدالوحید، جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی، میاں رفعت قادری، عزیز الحسن ودیگر ارکان بھی موجود تھے۔

کمشنرنے کہا کہ نظریہ پاکستان کو تقویت دینے کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی ذاتی زندگی کی بھی قربانی دی جس کے نتیجے میں انہیں اپنی بیٹی کو عاق کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ اقبال نے پاکستان بنانے کا خواب دیکھا جس کو قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی شب و روز کوششوں سے شرمندہ تعبیر کیا۔ قائد اعظم نے جملہ مسالک وطبقات کوایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور یوں مسلم اتحادو یکجہتی کی بنیاد رکھی،آج اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کو شکست دینے کے لئے اس اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے بنانے میں جو گرانقدر خدمات سر انجام دیں ان قربانیوں سے نوجوان نسل کو آگاہ رکھنا بہت ضروری ہے اور نظریہ پاکستان فورم اس سلسلے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔نظریہ پاکستان کو تقویت دینے اور اسے پروان چڑھانے کے لئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی بنیادوں سے منسلک رکھنے کے لئے نظر یہ پاکستان فورم وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ دنیا فیفتھ جنریشن وار کے دور میں داخل ہو چکی ہے اور دشمن ہماری نوجوان نسل کو اپنی بنیادوں سے ہٹانا چاہتا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فرخ رضوان نے کہا کہ قیام پاکستان میں خواتین کے جاندار کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتاجنہوں نے فاطمہ جناح کی قیادت میں مردوں کے شانہ بشانہ تحریک میں حصہ لیاصاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مولانا محمد یوسف انوراورعلامہ مولانا محمد ریاض کھرل نے کہا کہ قیام پاکستان میں علماء کرام کی کاوشیں بھی ڈھکی چھپی نہیں جنہوں نے بانی پاکستان کے ساتھ مسلمان برصغیر میں الگ وطن کا جذبہ بیدار کیا۔انہوں نے کہا کہ اب وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے میں سرگرم عمل ہیں۔ صدرنظریہ پاکستان فورم میاں عبدالوحید نے کہا کہ نظریہ پاکستان فورم ان لوگوں کو یاد رکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے پاکستان کو بنانے میں اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا۔بعدازاں کمشنر نے ہال میں آویزاں تحریک پاکستان کے نامور قائدین کی تصاویر بھی دیکھیں اور نظریہ پاکستان ہال منتظمین کی کاوشوں کو سراہا کہ انہوں نے تحریک پاکستان کے ثبوتوں کو تصویری شکل میں چسپاں کررکھا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button