"علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی” سرمایہ کاری کے حوالے سے ملک کا سب سے پرکشش منصوبہ قرار
فیصل آباد (94 نیوز) چئیرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیر گیلانی نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کا دورہ کیا۔ انہوں نے سی پیک کے تحت قائم کئے گئے ترجیحی اکنامک زون "علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی” کو سرمایہ کاری کے حوالے سے ملک کا سب سے پرکشش پراجیکٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشکئی پشاور اور دھابیجی کراچی میں بننے والے اکنامک زونز کی نسبت اس پراجیکٹ میں ڈویلپمنٹ کا کام زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے فیڈمک کے مینجمنٹ ماڈل کو دیگر اکنامک زونز کے لئے بھی ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان میں صنعتی ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔
چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ اس اکنامک زون میں لگنے والی صنعتوں کو ڈیوٹی فری مشینری کی امپورٹ اور دس سال تک انکم ٹیکس سے استعثنی جیسی مراعات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اکنامک زون 3300 ایکڑ سے زائد پر محیط ہے جس میں 400 سے زائد بڑی اور درمیانے درجے کی صنعتیں لگیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لئے یہاں ٹیکینیکل یونیورسٹی اور لیبر کی رہائش کے لئے نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کے اشتراک سے 10 ہزار فلیٹ تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ فیصل آباد شہر تک شٹل ٹرین سروس بھی چلائی جائے گی۔
چئیرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیر گیلانی کو فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور ویلیو ایڈیشن سٹی کا دورہ کروایا۔ زبیر گیلانی نے یہاں قائم غیر ملکی اور مقامی صنعتی یونٹس میں بننے والی اشیاء کے معیار کو سراہا اور کہا کہ اس سے پاکستانی کی برآمدات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔