تقریبات/سیمینارز

جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں پہلا بین الجامعاتی فیشن شو، پاکستانی ثقافت اور نوجوان تخلیقی صلاحیتوں کا عکاس

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد (GCWUF) نے شہر میں پہلا بین الجامعاتی فیشن شو کامیابی سے منعقد کیا، جس میں جی سی ڈبلیو یو ایف، این ٹی یو، جی سی یو ایف اور سپیریئر یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے اپنے تخلیقی فائنل ایئر پروجیکٹس پیش کیے۔ان نوجوان ابھرتے ہوئے ڈیزائنرز نے مختلف موضوعات پر کلیکشنز متعارف کروائیں جن میں فلسطین، کشمیر، پاکستانی برائیڈل ورثہ، روایت اور جدت، اور مقامی فنون کی بحالی شامل تھے۔

جیوری نے غیر شراکتی جامعات کے ماہرین پر مشتمل پینل کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنایا جبکہ لیڈی یونیورس 2021 پولی کینیبس نے چیف جج کی حیثیت سے شرکت کی۔ نتائج کے مطابق جی سی ڈبلیو یو ایف پہلی، این ٹی یو دوسری، اور جی سی یو ایف و سپیریئر یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا "یہ فیشن شو نوجوان ڈیزائنرز کی صلاحیتوں اور پاکستان کی فکری و ثقافتی آب وتاب کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ روایت اور جدت کے امتزاج سے یہ طلبہ فیشن انڈسٹری کے لیے نئے معیار قائم کر رہے ہیں۔”

تقریب میں وائس چانسلر جی سی یو ایف پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، وائس چانسلر یو اے ایف پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہدہ آفتاب سمیت معزز مہمان شریک ہوئے۔

وائس چانسلر نے شعبہ فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن عائشہ حسین کو اس تاریخی تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ یہ تاریخی ایونٹ ایف ایس انٹرٹینمنٹ یو اے ای کے تعاون سے منعقد ہوا.

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button