صنم جاوید کو جمعرات تک گرفتار نہ کرنے کا حکم


اسلام آباد (94 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو جمعرات تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ نے صنم جاوید کے خلاف مقدمات کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے گھر جانے کی اجازت دیدی ہے۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب نے صنم جاوید کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما گھر جائیں اور خاموش رہیں۔ اگر یہ اس دوران ایک لفظ بھی بولیں تو عدالت اپنا آرڈر واپس لے لے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے کے کیس سے بری ہونے کے بعد جب صنم جاوید کو رہا کیا گیا تو اسلام آباد پولیس نے ایک بار پھر ان کو گرفتار کرلیا تھا۔
آج جب صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کیا گیا تو انہوں نے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے انہیں پیش کرنے کا حکم دیا اور اب احکامات جاری کیے ہیں کہ جمعرات تک انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔
صنم جاوید کو 9 مئی کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا اور اس دوران عسکری تنصیبات پر بھی دھاوا بولا گیا۔



