سیدنا حضرت امام حسینؑ کی لازوال قربانی رہتی دنیا تک مینارہ نور مشعل راہ ہے، ریاض کھرل

قومی اتحاد سے دشمنانان اسلام کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملادیں، سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ڈاکٹر عبدالحفیظ،سید حسنین شیرازی

فیصل آباد(94 نیوز میاں ندیم سے) ادارہ چشتیہ نظامیہ میں مختلف مسالک کے اکابرین علما ء مشائخ کا اہم اجلاس ہواجس میں پچاس سے زائد علماء نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ممتاز عالم دین علامہ محمد ریاض کھرل نے اپنے صدارتی خطاب میں علما ء پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے پیروکاروں کو تلقین کریں کہ آل رسول پاکﷺ اصحاب رسول پاکﷺ کی سیرت وتعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور پیغام امن اخوت اسلامی، بین المسالک ہم آہنگی،مذہبی رواداری، اتحاد بین المسلمین قیام امن کے لئے اپنا ادارہ جاتی ریاستی نظم کے ساتھ کلیدی کر دار ادا کریں یہ ہم سب کا شرعی قومی فریضہ ہے۔ صاحبزادہ سیدمحمد ایوب شاہ،پیر محمد قوسین حق، علامہ محمد شریف کھرل،پیر محمد صدیق الرحمن،ڈاکٹرسید افتخار حسین نقوی،سید حسنین شیرازی، مفتی محمد انس مدنی،مولانا علام اللہ خان، ڈاکٹر عبد الحفیظ،مفتی مظفر اقبال،حافظ بشارت،صاحبزادہ محمد احمد،مولانا ہارون چشتی، صاحبزادہ منصور الحق، حافظ محمد اکرم مجددی،علامہ عزیز الحسن اعوان،علامہ رضا امین سیفی محمدی،مولانا محمد تنویر طاہر راٹھور و دیگر شرکا ء اجلاس نے پیغام امن کو ہی پیغام کربلا واسلام قرار دیا اور مجالس جلوسوں اجتماعات میں مذہبی ہم آہنگی،بین المسالک رواداری،تحمل برداشت،اتحاد بین المسلمین کا پرچم سر بلند رکھنے کا عزم کیا۔ یوم عاشور پر ملی یک جہتی کا اظہار اور قیام امن کیلئے پولیس، انتظامیہ، ریاست سے مکمل تعاون کا عہد کیا اہل اسلام سے متفقہ طور پر اپیل کی کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی بھائی چارہ کی مثالی فضا کو بر قراررکھنے میں کلیدی کردارادا کریں۔ قومی اتحاد سے دشمنانان اسلام کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملادیں اپنے سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں۔مقررین نے کہا کہ سیدنا حضرت امام حسینؑ کی لازوال قربانی رہتی دنیا تک مینارہ نور مشعل راہ ہے اوران کی عظمت و شان کے ترانے تاقیامت گونجتے رہیں گے۔



