قومی

جعلی وغیرمعیاری کھاد اور زرعی ادویات کی تیاری وفرخت کسی بھی صورت قبول نہیں، کمشنرسلوت سعید

فیصل آباد (94 نیوز) کمشنر سلوت سعید نے کہا ہے کہ جعلی وغیر معیاری کھادوں اور زرعی ادویات کی تیاری وفرخت کا قلع قمع کیا جائے اس ضمن میں محکمہ زراعت کے افسران جعلساز مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رکھیں۔

انہوں نے یہ بات ڈویژنل ایگریکلچر ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر نے کھادوں کی دستیابی ومقررہ نرخوں پر فروخت کے بارے میں آگاہی لی اور کہا کہ یوریا کھاد کی اوورچارجنگ یا ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی ہے۔انہوں نے گندم کی فصل کی صورتحال بارے دریافت کیا اور کہا کہ زراعت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کر کے نہ صرف ہم ملکی معیشت میں بہتری لا سکتے ہیں بلکہ دیہات میں بھی خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بہتر زرعی پیداوار اور اخراجات میں کمی سے کسان معاشی طور پر مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی فلاح وبہبود اور انہیں نگران حکومت پنجاب کے شعبہ زراعت میں کئے گئے انقلابی اقدامات کے ثمرات پہنچانا ترجیح ہے جس کے لئے محکمہ زراعت اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں انجام دے تاکہ مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔کمشنر نے کیمیائی کھادوں کی دستیابی، مقررہ نرخوں پر فروخت اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن سے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ دیہاتوں کی سطح پرکسانوں کی تربیت کے پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کو پانی کی ٹیل تک فراہمی یقینی بنانی ہے۔حکومتی ہدایات پر اس بار معیاری بھل صفائی کرائی گئی ہے۔بھل صفائی کے ثمرات کسانوں تک پہنچنے چاہیں۔کمشنر نے ڈائریکٹر زراعت کو فیسکو سے میٹنگ کرکے کسانوں کے بجلی سے متعلقہ مسائل حل کرانے،کاشتکاروں کے گنے کے بقایاجات کی ادائیگی فوری اوراس ضمن میں شوگر ملز کے ساتھ میٹنگ کی تاکید کی۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے کسانوں کی فلاح وبہبود کے لئے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں محکمہ زراعت توسیع ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور کسانوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button