تقریبات/سیمینارز

پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کے زیراہتمام جووینائل بورسٹل انسٹی ٹیوٹ میں بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب، بچوں میں گرم سوٹ اور کھانا تقسیم کیا، بچوں کیساتھ کیک بھی کاٹا گیا

یہ بچے بھی ہمارے ہیں، انکی صحیح طریقے کیساتھ تربیت کرکے معاشرے کا اہم حصہ بنائیں گے، صوفیہ رضوان اور نازک شہزاد۔ انکی ذہنی آبیاری کریں گے، ماہرین نفسیات

ڈی آئی جی جیل خانہ جات، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر خالدہ رفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ عالم کی تقریب میں خصوصی شرکت

فیصل آباد(94 نیوز) پرزنرز ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام جووینائل بورسٹل انسٹی ٹیوٹ اینڈ ری ہیبلیٹیشن سنٹر فیصل آباد میں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات، نازک شہزاد سپرنٹنڈنٹ،اسد طارق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، خالدہ رفیق ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال، آمنہ عالم ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال، صوفیہ رضوان اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر و انچارج جووینائل انسٹی ٹیوٹ کے علاوہ ممبران پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی میاں ندیم احمد چئیرمین فیصل آباد این جی اوز نیٹ ورک، ملک محسن ایڈووکیٹ، ڈاکٹر عدنان فاروق دانش، علی عمران ماہر نفسیات، نازلین اکرم ماہر نفسیات، مسز حنا اسلم ڈھیڈی، محمد عثمان، ثمینہ مدثر،فاروق اعظم، پروفیسر مسعود احمد اور مسز نازیہ محسن کے علاوہ دیگر سماجی کارکنوں اور جووینائل کے عملہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آمنہ عالم، صوفیہ رضوان، خالدہ رفیق اور نازک شہزاد نے کہا کہ آج کا دن بچوں کے ساتھ نہ صرف اظہار یکجہتی کا ہے بلکہ بچوں کے حقوق پر بات کرنے اور حقوق دلوانے کا ہے، بچے جو ہمارا مستقبل ہیں جن کے ہاتھوں میں آج کتاب ہونا تھی، جو اس معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں وہ آج کیوں یہاں ہیں، آپ ہمارا مستقبل ہیں آپ ہمارے اپنے بچے ہیں، وقتی طور پر غصے اور غلط فیصلے انسان کو بہت نقصان پہنچاتے ہیں۔ اگر انسان ہمیشہ اپنی سوچ کو مثبت رکھے تو کبھی بھی منفی سوچ ذہن میں نہیں آتی، مقررین نے کہا کہ انسانوں سے ہی معاشرہ تشکیل پاتا ہے لیکن غلط اقدام سے انسان کہاں سے کہاں پہنچ جاتا ہے۔ جو لوگ اپنے غصے پر قابو نہیں پاتے انہیں ساری زندگی پچھتانا پڑتا ہے۔ اور جو اپنے غصے پر قابو پالیتے ہیں وہ ہمیشہ خوشحال رہتے ہیں کیونکہ ہمارے دین اسلام میں بھی غصہ پی جانے کا حکم ہے۔اور قرآن مجید میں بھی ذکر ہے کہ صبر کرنے والوں کو اللہ تعالی پسند کرتا ہے۔مقررین نے کہا کہ غصہ حرام ہے لیکن پی جانے کا حکم ہے۔ پاکستان تب ہی ترقی کرے گا جب ہمارے بچے، ہمارے نوجوان تعلیم کے میدان میں ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے آئیں گے۔ وقت کی قدر کریں، وقت پر کئے گئے فیصلے یاد رکھے جاتے ہیں وہ چاہے صحیح ہوں یا غلط۔ غلط فیصلے انسان کو پشیمان کرتے اور صحیح فیصلے انسان کو سرخرو کرتے۔ میاں ندیم احمد، محسن رضا ملک،علی عمران، نازلین اکرم اور پروفیسر مسعود احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ ہمیشہ اچھی سوچ رکھیں اور آئیندہ گناہوں سے توبہ کریں۔ معاشرے کا ایک اہم حصہ بنیں۔ آپکے گھر والے آپ کیلئے پریشان ہیں۔ آپ نہیں جانتے ان کے دل پر کیا گزرتی ہوگی۔ آپ کے ایک غلط قدم نے نہ صرف آپکو بلکہ آپکے والدین، بہن بھائی، رشتہ داروں کو بھی پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔ ماہرین نفسیات نے کردار سازی کے حوالے سے لیکچر زدئیے۔ بچوں کے جرم سے نفرت اورلوگوں سے محبت کرنے کی ترغیب دی، اس موقع پر تمام بچوں کو 250 سے زائد گرم سوٹ اور کھانا بطور تحفہ دیا گیا۔ مسزحنا اسلم نے کہا کہ تمام بچوں کیلئے یونیفارم تیار کئے جا رہے ہیں جلد پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی آپ سب کیلئے وہ یونیفارم لیکر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ دو بار آپکو کھانا پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کی جانب سے سیلانی ویلفئیر فاؤنڈیشن فراہم کریگی جس میں آپ جو ڈیمانڈ کریں گے وہی کھانا آپ کے پاس پہنچایا جائے گا۔نازک شہزاد نے پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کے تمام ممبران کو شکریہ ادا کیا کہ وہ ان بچوں کیلئے کام کررہے ہیں، انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر بچوں کیساتھ کیک کاٹنے کی بھی تقریب منعقد ہوئی۔ صوفیہ رضوان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔آخر پر بہترین پروگرام پر مہمانوں کو شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button