فیصل آباد: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا الیکٹرک بسیں بنانے والی فیکٹری کا دورہ


فیصل آباد(94 نیوز) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خاں نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک)کا دورہ کیا اور مقامی سرمایہ کاروں کی طرف سے قائم یونیورسل موٹرز فیکٹری کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے یونیورسل موٹرز کے عہدیداران سے ملاقات کی۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ہمایوں رشید سیال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر یونیورسل موٹرز کے عہدیداران نے بتایا کہ ان کی کمپنی ای وی بسوں کی تیاری کررہی ہے اورالیکٹرک ٹیکنالوجی سے آراستہ ہینو بسیں /کوچ آئندہ6 ماہ میں سڑکوں پر ہونگی جس سے آمدورفت میں معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے یونیورسل موٹرز کے زیر اہتمام ای بسوں کی تیاری کے بارے میں آگاہی لی اور ایک تیار شدہ بس میں جاکر سہولیات کا بھی مشاہدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا پختہ عزم رکھتی ہے اور سرمایہ کاروں کوسازگار ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے اور وہ بطور وزیر ٹرانسپورٹ کے شعبے کی بہتری کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔اس ضمن میں صوبہ کے بڑے شہروں میں الیکٹرک بسیں چلانے پر تیزرفتار اقدامات جاری ہیں۔صوبائی وزیر نے یونیورسل موٹرز کے عہدیداران سے کہا کہ وہ بسوں کی تیاری کا عمل جلد مکمل کریں تاکہ ان سے بسیں خریدی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کو معیار ی، آرام دہ اور سہل سفری سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔



