واسا میں تمام پوسٹنگ ٹرانسفر پر پابندی عائد


فیصل آباد (94 نیوز) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے مون سون سیزن تک کسی بھی قسم کی پوسٹنگ ٹرانسفر پر پابندی عائد کردی ہے اور واضح کیا ہے کہ سٹیزن پورٹل اور سی ایم پورٹل پر زیر التواء شکایات پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔شکایات کے تیز رفتار ازالے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں موقع پر حل کے لئے اقدامات کرتے ہوئے متعلقہ شکایت کنندہ سے بھی لازمی رابطہ کیا جائے اور اسے آگاہ کیا جائے کہ اس کے علاقہ میں مسائل کے حل کے لئے واسا سٹاف کام کررہا ہے تا کہ محکمہ کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو سکے اور شکایت کے حل کے بعد اسے فوری طور پرمتعلقہ پورٹل پر بھی اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ التواء کا شکار شکایت میں نمایاں کمی سامنے آ سکے۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام مین روڈز اور سڑکوں کے ساتھ کھڑا پانی کلیئر کرنے کے لئے واسا افسران و سٹاف خصوصی توجہ دیں کیونکہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے ساکن پانی کو کلیئر کرنا لازمی ہے جس کے لئے دستیاب مشینری استعمال کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن تک آپریشنز ڈائریکٹوریٹس میں تبادلوں پر پابندی ہو گی اور تمام افسران اور سٹاف اپنی ذمہ داری پوری محنت اور لگن کے ساتھ انجام دیں کیونکہ آپ کی کارکردگی کی وجہ سے محکمہ کا امیج مزید بہتر ہو گا۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے مزید کہا کہ کسی بھی شکایات کے ازالے کے لئے آپریشنز سٹاف متحرک اور مستعد رہے جبکہ تمام مشینری بھی فنکشنل ہے اس لئے اب شکایات پر فوری رسپانس ہونا چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس سب ڈویژن سے شکایات اسکلیٹڈ یا سپر اسکلیٹڈ ہوئیں تو متعلقہ افسران اور سٹاف جواب دہ ہو گا۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری،ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عمر افتخار خاں،ڈائریکٹر واٹر عثمان ضیا،ڈائریکٹر آپریشنز فرحان اکرم، فاروق نجیب، ڈائریکٹر ڈرینج ابوبکر اعجاز،ڈپٹی ڈائریکٹر سی آر سی محمد امین ڈوگر و دیگر افسران نے شرکت کی۔



