نورالامین کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں بارے اجلاس


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) صوبائی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نورالامین مینگل کی زیر صدارت نئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تشکیل دی گئی ترقیاتی سکیموں بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی نمائندگی ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ڈاکٹر عثمان لطیف نے کی اور واسا ہیڈ آفس میں بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی اور واسا فیصل آباد کی جانب سے بھجوائی گئی 6 نئی سکیموں بارے تفصیلی برنفگ دی۔ صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا ہے تمام ترقیاتی سکیموں پر بہتر انداز اور معیاری میٹریل استعمال کرتے ہوئے تعمیراتی کام شروع کیا جائے اور سکیم کی تکمیل کے ساتھ سٹریٹس کی مکمل بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ترقیاتی سکیموں میں سروس کوریڈور بنانے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ایک فوکل پرسن مقرر کردیا ہے جو ان سکیموں کی منظوری سمیت دیگر امور کا جائزہ لیں گے۔ صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری سروسز ڈلیوری کے لئے ایک جامع اور پائیدار پروگرام پر عمل درآمد کررہے ہیں اور ان ترقیاتی سکیموں کی تکمیل پر شہریوں کو نکاسی اور فراہمی آب کی معیاری سہولیات مہیا ہونگی۔



