Meeting of JICA delegation with MD Vasa Saqib Raza, detailed discussion about progress of projects


Faisalabad(94 News City Reporter) مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا سے جائیکا ہیڈکوارٹرز کے دو رکنی وفد نے ملاقات کی اور جائیکا کے واسا فیصل آباد کے باہمی اشتراک سے جاری پراجیکٹس کی پیشرفت بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈائریکٹر واٹر حسن مصطفیٰ چیمہ، جائیکا کنسلٹینٹ سلطان اعظم و دیگر بھی موجود تھے۔ جائیکا وفد کی قیادت ریجنل ڈائریکٹر جائیکا ہیڈکوارٹر جاپان مسٹر کاسوگیMr. Kasugi نے کی جبکہ ملاقات کے دوران جائیکا کے اشتراک سے واسا فیصل آباد کے زیر انتظام واٹر سپلائی امپروومنٹ پراجیکٹ کی توسیع بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہریوں کو صاف پینے کی فراہمی کیلئے جائیکا کے ٹیکنیکل اسسٹنٹس پراجیکٹ کی توسیع دی گئی تھی جس کے بعد اس منصوبے میں نئے کاموں کو شروع کردیا گیا ہے جن میں واٹر سپلائی کنکشن پر سمارٹ میٹرز کی تنصیب، تمام واٹر سپلائی کی ڈیجیٹلائزیشن اور بزنس امپروومنٹ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے جائیکا کے ٹیکنیکل اسسٹنٹس پراجیکٹ کو توسیع دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ پراجیکٹ کی توسیع پر کام مکمل ہونے کے بعد پینے کے پانی کے ضیاع کی روک تھام ممکن ہو گی کیونکہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے پانی کی ضرورت کے مطابق استعمال ہو گا جبکہ جائیکا کے ٹیکنیکل اسسٹنٹس پراجیکٹ کے باعث واسا کے بزنس امپروومنٹ کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے جس سے محکمہ کی ریونیو ریکوری میں بھی اضافہ ممکن ہو گا۔
۔۔۔///۔۔۔



