ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن ایف ڈی اے سٹی میں گھر تعمیر کرنے کے لئے چھ کروڑ روپے تک قرضہ جاری کرنے کیلئے تیار


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی طرف سے ایف ڈی اے سٹی میں گھر تعمیر کرنے کے لئے آسان اقساط پر” ہاؤس بلڈنگ لون” فراہم کرنے کی پیش کش کی گئی ہے جس کے تحت درخواست گزار کو چھ کروڑ روپے تک کے قرضہ جات جاری کئے جا سکتے ہیں۔اس ضمن میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے افسران نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری سے ملاقات کی اور ہاؤس بلڈنگ لون کی فراہمی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ،چیف انجینئر مہر ایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر/ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں و دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ ملاقات کرنے والوں میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے ریجنل ہیڈ سنٹرل لاہور فخر عباس اعوان، برانچ مینجر فیصل آباد عبدالرحمن،اسسٹنٹ مینجر بزنس نعمان احمد و دیگر شامل تھے جنہوں نے ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس کا دورہ بھی کیا اور وہاں گھروں کی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے افسران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے لئے قرضہ جات کی فراہمی میں سہولت و آسانی مہیا کرنا خوش آئند اقدام ہے جسکی بدولت تعمیراتی و معاشی میں اضافہ ہو گا اور ایف ڈی اے سٹی میں گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند الاٹیز کا خواب پورا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایف ڈی اے سٹی ریذیڈنٹس ایسوسی ایشن سے رابطے میں رہیں اور عام الاٹیز کو ہاؤس لون فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایف ڈی اے اور واسا کے ملازمین کو بھی ترجیحات میں شامل رکھیں۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ دفتر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ایف ڈی اے سٹی میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کا انفارمیشن کاؤنٹر قائم کیا جائے گا تاکہ الاٹیز ہاؤس فنانس کے لئے موقع پر معلومات حاصل کر سکیں۔ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے افسران نے کہا کہ وہ مختلف مدت اور مالیت کے قرضہ جات کے اجراء سے متعلق شرائط، قواعد و ضوابط اور پالیسی کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ کر کے ایف ڈی اے سے لائحہ عمل طے کر لیں گے اس سلسلے میں قرضہ جات کے حصول کے خواہشمند الاٹیز کے لئے ہر ممکن حد تک سہولت و آسانی فراہم کی جائے گی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو کو ہدایت کی کہ وہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لئے محکمانہ اقدامات کو آگے بڑھائیں۔



