14اگست پاکستان کی تاریخ کا سنہرا یادگار اور قابل فخر دن ہے، ملک عابد حسین ظفر


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے،14اگست پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہرا یادگار اور قابل فخر دن ہے جسے ہرپاکستانی عقیدت ،جوش و جذبے اور قومی وقار کیساتھ مناتا ہے،یہ دن ہمیں آزادی کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے،جو لاکھوں مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں ،طویل جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوئی،یہ دن تجدید عہد کا دن ہے،جو قومیں اس نعمت کی قدرکرتی ہیں وہ ترقی ،خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن رہتی ہیں،پاکستان کی آزادی کسی تحفے کے طور پر حاصل نہیں ہوئی بلکہ اس کے پیچھے لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیاں پوشیدہ ہیں،ان خیالا ت کااظہار مہمان خصوصی ملک عابد حسین ظفر ایس پی لائلپور ٹاؤن،میڈم ریحانہ یاسمین ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال فیصل آباد اور معروف بینکر چوہدری ذوالفقار احمد نے فرینڈز یوتھ ویلفیئر آرگنائزیشن (رجسٹرڈ ) ضلع فیصل آباد کے زیر انتظام چلنے والی آمنہ ڈسپنسری شہباز ٹاؤن بی بلاک فیصل آباد میں 79ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تنظیم کے جنرل سیکریٹری ارشد انصاری نے تنظیم کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ہر سال تنظیم کے زیر انتظام یوم آزادی کی پروقار تقریب منعقد کی جاتی ہے،یہ تنظیم 44سالوں سے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کر رہی ہے،تقریب سے معروف فزیو تھراپسٹ ڈاکٹرشہزاد نے اعلان کیا کہ آمنہ ڈسپنسری سے آنے والے تمام مریضوں کو مستقل طور پر 50فیصد رعائیت دی جائے گی،تقریب میں بچیوں نے اردو ،انگلش میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے،تقریب سے تنظیم کے سینئر نائب صدر کاشف رفیق ،راؤ جاوید حیدر خاں،کاشف اشرف،محمد افضل، رانا عابد علی ،ملک آصف، رانا اختر بیدی و دیگر نے بھی خطاب کیا،تقریب کے ا ختتام پر یوم آزدی کی خوشی میں 20 پاؤنڈ کا کیک بھی کاٹا گیا۔



