آر پی او سہیل اختر سکھیرا کا اسپائر کالج کھرڑیانوالہ کا دورہ، جشنِ آزادی کی تقریب سے خطاب


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے اسپائر کالج کھرڑیانوالہ کا دورہ کیا، اسپائر کالج پہنچنے پر کالج کے ڈائریکٹر جواد اصغر اور دیگر سٹاف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کالج میں جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور کالج انتظامیہ نے شرکت کی۔
آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں وطن سے وفاداری، قومی یکجہتی اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور امن کے لیے نوجوان نسل کا کردار انتہائی اہم ہے۔ نوجوان اپنی صلاحیتوں، علم اور مثبت سوچ کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں اور پاکستان کو ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نوجوانوں کو منشیات کی طرف راغب کرنے والے عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات سے بچاؤ کے لیے صرف قانونی کارروائی کافی نہیں بلکہ تعلیم، آگاہی اور والدین و اساتذہ کی رہنمائی بھی انتہائی مؤثر ہتھیار ہیں۔تقریب کے دوران وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
بعد ازاں آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے اسپائر کالج کھرڑیانوالہ کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا۔



