تقریبات/سیمینارز

تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کردیا،کامیابی کا تناسب 71.81 فیصد رہا

فیصل آباد(94 نیوز)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے انٹرمیڈیٹ پہلے سالانہ امتحان 2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔کمشنر/چیئرپرسن ایجوکیشن بورڈ سلوت سعید کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے دن 10 بجے کمپیوٹر کا بٹن دباکر رزلٹ آن لائن کیا۔انٹرمیڈیٹ پہلے سالانہ امتحان میں مجموعی طور پرایک لاکھ 3 ہزار 269 طالب علموں نے شرکت کی اور 74 ہزار 154امیدوار کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 71.81 فیصد رہا۔امتحان انٹر فرسٹ سالانہ میں پنجاب کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ کی میمونہ کوثر نے 1155 نمبر کے ساتھ اوور آل پہلی پوزیشن حاصل کی۔پنجاب کالج فیصل آباد کی عائشہ عمران اور اشمل فاطمہ نے مشترکہ طور پر 1150 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن،پنجاب کالج کی ہادیہ یوسف اور معصومین کالج چنیوٹ کی مارج ناز نے 1147 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج میں پہلی تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے اپنی اور کمشنر/چیئرپرسن ایجوکیشن بورڈ کی طرف سے پوزیشن ہولڈرز طالب علموں،ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباددی اور فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کو لیپ ٹاپ،نقد انعام اور تعریفی سرٹیفیکیٹ جبکہ دیگر پوزیشن ہولڈرز میں بھی میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج کی تقریب کے حقیقی مہمان خصوصی والدین ہیں جن کی عمدہ تربیت کی بدولت طالب علموں نے امتحان میں میدان مارلیا۔انہوں نے اساتذہ کی شب وروز محنت کی بھی تعریف کی اور کہا کہ غیر معمولی ذہانت کے حامل طالب علم ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی کے اقدامات جاری رہنے چاہیں۔انہوں نے تقریب کے شاندار انعقاد پر ایجوکیشن بورڈ کی کاوشوں کو سراہا۔سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی،ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر کلثوم اختر،ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن ڈاکٹر کشور ناہید رانا کے علاوہ ماہرین تعلیم،اساتذہ بھی تقریب میں موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button