قومی

انڈسٹریل سٹی میں ریلوے اسٹیشن بنانے کیلئے کاوشیں جاری ہیں، صوبائی وزیر صنعت و تجارت کا فیڈمک دورہ

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے ایم تھری انڈسٹریل سٹی فیڈمک کا دورہ کیااور10بستروں پر مشتمل فیڈمک ہسپتال کا افتتاح کیا۔انہوں نےہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نےہسپتال میں ڈاکٹرز،نرسوں اور دیگر طبی عملے کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہسپتال کو 100بستروں تک اپ گریڈ کیا جائے۔
صوبائی وزیر نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل سٹی میں ریلوے اسٹیشن بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے بات چیت ہوئی ہے۔مہنگی بجلی سے انڈسٹری سمیت ہر شعبہ متاثر ہو رہا ہے،پنجاب حکومت سولر انرجی کو فروغ دے رہی ہےفرنس آئل سے مہنگی بجلی بنانے والے آئی پی پیز کو بھی سولر انرجی کی جانب آنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز سے جلد جان چھڑانا ہوگی۔ بجلی بنائے بغیر کیپسٹی چارجز کی مد میں ادائیگی ظلم ہے۔ آئی پی پیز کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نیت صاف ہے،ائی پی پیز کا مسئلہ جلد حل ہوگا۔مہنگی بجلی بنانے والے مافیا کے خلاف سخت ایکشن کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں لیبر سستی ہے،غیرملکی سرمایہ کار پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔صوبائی وزیر نے فیڈمک میں مختلف انڈسٹریز کا بھی دورہ کیا اور ورکرز سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے موثر اقدامات جاری ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتیں بڑھیں گی تو روزگار کےمزید مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ترجیح ہے۔چیئرمین فیڈمک میاں انس جان،سی او تنویر جبار اور دیگر عہدیداران بھی ہمراہ تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button