پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات 22 مئی سے شروع ہوں گی؟ نوٹیفیکیشن بھی تیار ہوگیا


لاہور (94 نیوز) موسم کی شدت کے ساتھ ہی اساتذہ اور طلباء چھٹیوں کے منتظر ہیں اور چھٹیوں کے لیے بھی منصوبے بنانا شروع کردیے ہیں، ایسے میں ایک نوٹیفکیشن بھی سامنے آیا جس کے مطابق 22 مئی سے صوبے بھر میں چھٹیاں شروع ہوں گی لیکن یہ نوٹیفکیشن جعلی نکلا۔
تفصیلات کے مطابق وائرل ہونےو الے جعلی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی سکول 22 مئی سے 17 اگست 2025 تک گرمیوں کی تعطیلات کے لیے بند رہیں گے اور اس جعلی نوٹیفکیشن کی وجہ سے نوجوانوں اور ان کے والدین کے لیے الجھن پیدا ہو گئی۔
جیسے ہی یہ سامنے آیا تو لوگوں نے دھڑا دھڑ شیئر کرنا شروع کردیا تاہم یہ نوٹیفکیشن جعلی نکلا اور محکمہ ایجوکیشن کے حکام نے واضح کیا کہ بروقت چھٹیوں کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
پنجاب کے سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے واضح کیا کہ موسم گرما کی تعطیلات کا اصل شیڈول یکم جون سے شروع ہو کر 9 اگست 2025 کو ختم ہو گا، اگر شدید گرمی پڑگئی تو صورتحال کو دیکھتے ہوئے تاریخوں کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے لیکن تاحال ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور نہ ہی اس ضمن میں 22 مئی سے چھٹیاں کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ محکمہ تعلیم نے زور دیا کہ وہ صرف سرکاری اعلانات پر بھروسہ کریں اور سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔



