35 مرد و زن کی بغیر انٹرویو کئے ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کردی گئی


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد/چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر فرید، صدر ایوان صنعت و تجارت فاروق یوسف شیخ و دیگر ممبرز نے شرکت کیا۔ اس موقع پر کمیٹی نے انٹرویو کے لئے آنے والے سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے 35 امیدوران کو ان کی باوقار شخصیت اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے انفرادی انٹرویو کے بغیر بیک وقت منتخب کر لیا گیا۔ کمشنر نے مرد و خواتین امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب امیدوار تعلیم یافتہ اور اچھے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں لہذا ممبر شپ حاصل کرکے سپورٹس کمپلیکس کے قواعد و ضوابط اور نظم و ضبط کی شعوری طور پابندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیمونٹی کلب/سپورٹس کمپلیکس خاندان کی مانند ہےجہاں ایک دوسرے سے سیکھنے، باہمی میل جول اور تفریح کے مواقع میسر آتے ہیں جس میں عمدہ ماحول اور عزت و احترام اولین ترجیح ہے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی پر قصوروار ممبر کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا اور وہ ملک میں کسی بھی کلب کا ممبر بننے کا اہل نہیں ہو گا۔ اجلاس میں سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کے انتظامی و ترقیاتی معاملات، مستقبل کی حکمت عملی اور قواعد و ضوابط کے بارے میں مختلف امور بھی زیر بحث آئے اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کے توسیعی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ شائقین کی دلچسپی کے پیشِ نظر اعلیٰ معیار کا پیڈل ٹینس کورٹ تیز رفتاری سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کھیل کی سہولت ممبرز کے علاوہ آئوٹ سائیڈرز شائقین کو بھی میسر ہوگی جس کے لئے علیحدہ فیس کا ڈھانچہ تجویز کیا گیا ہے۔



