فریڈم فائیٹر سردار بھگت سنگھ کے بھانجے کی ایف ڈی اے آمد، ڈائریکٹر جنرل آصف چوہدری سے خصوصی ملاقات


فیصل آباد (94 نیوز) ڈائریکٹر جنر ل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری سے کینڈا سے آئے ہوئے مہمان سردار بھگت سنگھ کے بھانجے سردار حکومت سنگھ ملہی نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ سردار بھگت سنگھ کی چک نمبر105 بنگے تحصیل جڑانوالہ میں واقع تاریخی حویلی کے کیئرٹیکر ثاقب ورک اوردیگر مہمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے دورے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ خیرسگالی کے ایسے دوروں سے دوطرفہ تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے تحریک آزادی بہادر ہیرو سردار بھگت سنگھ کی خطہ سے محبت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے سامراجی قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سردار بھگت سنگھ کی تاریخی حویلی اس خطے کا اہم ورثہ ہے جسکے تحفظ کیلئے بھرپور معاونت جاری رہے گی۔ سردار حکومت سنگھ ملہی نے عمدہ مہمان نوازی پر ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ودیگر افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فیصل آباد کے دورہ میں سرکاری اور سماجی سطح پر بے حد محبت ملی ہے۔



