وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد پریس کلب کیلئے 50لاکھ روپے جاری کردئیے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد پریس کلب کیلئے 50لاکھ روپے کی خطیر رقم جاری کردی۔ وزیراعظم کے خصوصی مشیر و سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے پریس کلب کے عہدیداران و دیگر سینئیر صحافیوں کی موجودگی میں چیک پریس کلب کے عہدیداران کو دیا جس میں گروپ لیڈر شاہد علی، نو منتخب صدر بلال ڈوگر، سینئیر نائب صدر میاں کاشف فرید، سیکرٹری شوکت وٹو، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق، ظفر ڈوگر و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ خاں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صحافیوں کے حقوق کیلئے کاوشیں کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پچاس لاکھ روپے کی رقم اسی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں صحافیوں کا دیرینہ مسئلہ صحافی کالونی بھی جلد حل ہوجائے گا۔ اور اسکا افتتاح مریم نواز ہی کریں گی۔ اس موقع پر گروپ لیڈر شاہد علی و دیگر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور رانا ثنا ء اللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم پریس کلب کیلئے خرچ ہوگی۔ انہوں نے وفد کے دیگر ارکان نے کہا کہ شاہد علی کی قیادت میں پریس کلب میں جو ترقی ہوئی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ فیصل آباد پریس کلب میں صحافیوں کیلئے انڈور سپورٹس کلب، جم کلب، سوئمنگ پول، آڈیٹوریم، پریس کانفرنسز کیلئے کشادہ ہال، صحافیوں کے بیٹھنے کیلئے وسیع لان وغیرہ اسکی بہترین مثالیں ہیں، صحافیوں نے کہا کہ شاہد علی گروپ نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کیا ہے، جس میں وقتاََ فوقتاََ میڈیکل کیمپس کا انعقاد، صحافیوں کی انشورنس، تفریحی ٹوورز وغیرہ شامل ہیں۔ شاہد علی نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ صحافیوں کے لئے کالونی پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔



