ایف ڈی اے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا گیا، مسجد میں دعائیہ تقریب


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ایف ڈی اے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا گیا اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایف ڈی اے کمپلیکس کی مسجد میں ایک پروقار دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں افسران، سٹاف اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے درجات کی بلندی، تحریکِ آزادی کی کامیابی اور ملک قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں. ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے ساتھ ہمارا رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ ایمانی، ثقافتی اور انسانی بنیادوں پر استوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام دہائیوں سے بھارتی مظالم کا مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیں اور انشاللہ انہیں جلد آزادی نصیب ہو گی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کشمیری عوام نے اپنی آزادی کے لیے جو عظیم قربانیاں دی ہیں، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ہم ان ماؤں، بہنوں اور نوجوانوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہر قسم کے جبر کے باوجود جھکنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی افواج کی کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیئے اس سلسلے میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے کا ہر فرد اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک وادیِ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کشمیر کے جلد حل اور مظلوم کشمیریوں پر ظلم وستم کے خاتمے کی دعا کی۔ بعد ازاں ایف ڈی اے کے افسران اور اہلکاروں نے ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام شہر میں منعقدہ مرکزی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ دریں اثنا ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ ایف ڈی اے سٹی میں منعقد ہوا۔



