جھنگ روڈ، ملت روڈ اور نیٹھڑی میں واسا کی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، ایم ڈی واسا


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ترقیاتی سکیم پر تعمیراتی کام بند نہیں ہونا چاہئے جبکہ جھنگ روڈ، ملت روڈ اور نیٹھڑی میں جاری ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ ڈویلپمنٹ پراگریس ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھنگ روڈ پر بچھائی جانے والی مین فورس لائن 10 فروری تک ہر صورت مکمل کی جائے تاکہ جھنگ روڈ سے ملحقہ آبادیوں کو سیوریج معاملات میں نمایاں ریلیف حاصل ہو سکے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کی نئی سکیموں کی جیو ٹیکنیکل اور ڈیزائن کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے، جن کنٹریکٹرز کی فزیکل پراگریس طے کردہ ٹائم لائن کے مطابق نہیں ان کو نوٹسز جاری کئے جائیں اور واضح کیا کہ اگر وہ ترقیاتی سکیموں پر مزید پیش رفت نہیں تو ان کے کنٹریکٹ منسوخ کر دئیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مراد آباد، ریاض شاہد چوک اور چباں روڈ پر سیوریج پائپ لائنوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کے سیوریج چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ مین چینلز کی ڈی سلٹنگ کا کا بھی مون سون سیزن سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ آئندہ موسم برسات میں شہریون کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات مہیا کی جا سکیں۔



