فیصل آباد میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے عوام اور میڈیا مل کر کردار ادا کریں، چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا


فیصل آباد (94 نیوز میاں حمزہ ندیم) چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے فیصل آباد پریس کلب میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دور میں اداروں اور عوام کے درمیان صحافی ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ میڈیا کے ذریعے ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو بڑھتے ہوئے حادثات اور ان کے سنگین نتائج سے بروقت آگاہ کیا جائے۔ ایک حادثہ صرف ایک جان نہیں لیتا بلکہ پورے خاندان کو متاثر کر جاتا ہے۔ کئی بار حادثے کا شکار ہونے والا شخص گھر کا واحد کفیل ہوتا ہے، اور اگر کوئی ڈاکٹر یا پروفیشنل جان کی بازی ہار جائے تو پورا معاشرہ نقصان اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوور اسپیڈنگ اور ون وے کی خلاف ورزی انسان کی اپنی غلطی ہے، اور یہی غلطیاں جان لیوا حادثات کا سبب بنتی ہیں، اس لیے ہمارا اور عوام کا مشترکہ مقصد قیمتی جانوں کی حفاظت ہونا چاہیے۔سی ٹی او نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے حادثات کی روک تھام کے لیے جامع آگاہی مہم شروع کر دی ہے، جس میں مساجد میں اعلانات، میڈیا کمپین، ہلمٹ آگاہی پروگرامز اور روڈ سیفٹی لیکچرز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہلمٹ پر چالان چالان کے لیے نہیں، بلکہ انسانی جان بچانے کے لیے ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ قوانین ہمیشہ عملدرآمد کے لیے بنتے ہیں، اسی لیے شہر میں لائن مارکنگ، لین رینجمنٹ اور ٹریفک سسٹم کی بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ خواتین کے لیے بھی خصوصی اقدامات کے تحت مختلف تعلیمی اداروں میں ٹریفک پولیس کی ٹیمیں بھیجی گئی ہیں جو خواتین کو محفوظ ڈرائیونگ کی عملی تربیت فراہم کر رہی ہیں۔سی ٹی او ناصر جاوید رانا نے مزید بتایا کہ اوور اسپیڈنگ، سگنل توڑنے، غلط اوورٹیکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی پر دو ہزار سے بیس ہزار روپے تک جرمانہ اور چھ ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ عوام اگر جرمانوں سے بچنا چاہتے ہیں تو انہیں ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنا ہو گی۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس اور صحافی مل کر ہی شہر میں حادثات میں کمی لا سکتے ہیں اور محفوظ ٹریفک کلچر کو فروغ دے سکتے ہیں۔



