خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین مہم17 نومبر سے29 نومبر جاری رہے گی، ڈی ایچ او ڈاکٹر عظمت عباس


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) محکمہ صحت فیصل آباد کے زیر اہتمام خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین مہم17 نومبر سے29 نومبر 2025ء تک ضلع بھر میں جاری رہے گی۔ 12 روزہ اس مہم کے دوران بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین لگائی جائے گی۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس فیصل آباد میں آگاہی سیشن منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو 1122، ڈبلیو ایچ او، یونیسف، این جی اوز، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور کرسچین کمیونٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تمام شرکاء نے مہم کی کامیابی کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈی ایچ او ڈاکٹر عظمت عباس کھچی نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ویکسین مہم کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے والدین اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ویکسین لازمی لگوائیں۔ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد عظیم نے مہم میں شریک تمام فیلڈ سٹاف اور ویکسینیٹرز کو بھرپور کارکردگی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خسرہ و روبیلا سے بچاؤ صرف ویکسین کے ذریعے ہی ممکن ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے مہم کے دوران خصوصی ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین لگائیں گی۔ ضلع بھر میں آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ والدین کو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔نمائندہ ڈبلیو ایچ او شہناز ندیم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت خسرہ و روبیلا کے خاتمے کے لئے مشترکہ طور پر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو لازمی ویکسین لگوائیں تاکہ آئندہ نسلوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔



