قومی

میونسپل کارپوریشن کی تجاوزات کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری، کچہری بازار پاکستان ماڈل سکول گردوارہ گلی غیرقانونی قبضہ گروپوں سے آزاد

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ملک ظفر ریگولیشن آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی زیر نگرانی انسداد تجاوزات کاروائیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کچہری بازار سے ملحقہ پاکستان ماڈل سکول گردوارہ والی گلی کو غیرقانونی قبضہ گروپوں کے پنجے سے آزاد کرا لیا گیا۔

شہر کے انتہائی مصروف ترین تجارتی مرکز میں واقع اس گلی میں قائم غیرقانونی تجاوزات نے نہ صرف شہریوں کے لیے راہداری کو مشکل بنایا ہوا تھا، بلکہ اس سے شہر کے حسن اور نکھار کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا تھا۔

ملک ظفر ریگولیشن آفیسر میونسپل کارپوریشن کے براہِ راست نگرانی میں چلائی گئی اس مہم کے دوران تمام غیرمجاز دکانیں، شیڈز، کچے اسٹال، اشتہاری بورڈز اور دیگر تعمیری قبضے بلاامتیاز مسمار کر دیے گئے۔

ریگولیشن آفیسر نے واضح کیا کہ یہ کارروائی محض ایک شروعات ہے اور شہر بھر میں اس طرح کے غیرقانونی قبضے ختم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے تمام شہریوں، خصوصاً تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ میونسپل قوانین کی پاسداری کریں اور شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی نے دوبارہ غلطی کا ارتکاب کیا تو نہ صرف سخت قانونی کارروائی ہوگی، بلکہ مجرمان کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑ سکتی ہے۔

یہ اقدام میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے اس عزم کا آئینہ دار ہے کہ فیصل آباد کو ایک منظم، پرسکون اور خوشنما شہر بنایا جائے، جہاں ہر شہری بلا روک ٹوک اپنے روزمرہ کے کام سرانجام دے سکے۔ عوام نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی، بلکہ شہر کے تاریخی اور تجارتی حصوں کی خوبصورتی بھی بحال ہو سکے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button