فیصل آباد: صحافیوں کی کمشنر آفس میں کمشنر راجہ جہانگیر انور سے ملاقات، کمشنر کی عوامی بہبود کے منصوبوں پر بریفنگ

فیصل آباد(94 نیوز) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات کی۔کمشنر نے میڈیا نمائندگان کا خیرمقدم کیا اورڈویژن میں عوامی بہبود کے جاری اقدامات پر مفصل بریفنگ دی۔
کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد شہر کی 15 مرکزی شاہرات کی ایک ارب روپے کے فنڈز سے کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعمیر ومرمت کرائی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ لائٹس فعال،لین مارکنگ،پیچ ورکنگ پر بھرپور فوکس ہے۔ گھنٹہ گھرکے 8 بازاروں میں تجاوزات کا خاتمہ اور الیکٹرسٹی کو انڈرگراؤنڈ کرارہے ہیں اسی طرح پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کی تعمیر جلد شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی میل جول کے فروغ اور صحت مندانہ ماحول کے لئے فوڈ سٹریٹ کے قیام کی تجویز ہے۔ کمشنر نے کہا کہ صحافی کالونی کے قیام کے لئے آئندہ ہفتہ ایم ڈی پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاونڈیشن کو دعوت دیں گے۔ فیصل آباد شہر میں ماحول کی بہتری،فضائی آلودگی کی جانچ کے لئے ایئر کوالٹی مانیٹر نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے مالیت کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نے کام شروع کردیا ہے۔صاف ستھرا پروگرام کے تحت گلیوں محلوں کی صفائی کے کام کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری میری فیملی کی طرح ہے اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔صحافی عوامی مسائل اجاگرکریں ان کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جاری رہیں گے۔



