فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک کا یوم تاسیس، "قوت اخوت عوام” کے موضوع پر سیمینارز اور کیک کاٹنے کی تقاریب


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے 36ویں یوم تاسیس پرفیصل آبادکے پی پی حلقہ جات میں”قوت اخوت عوام” کے موضوع پر سیمینارز اور کیک کاٹنے کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک پی پی 113کے زیر اہتمام مدینہ ٹاؤن میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری چوہدری سہیل شوکت ،راناطاہرسلیم ،خالدمحمودرندھاوا نے کہا کہ 75سالہ پرانا فرسودہ نظام اور اس سے چمٹے ہوئے بابے ترقی کے راستے کی اصل رکاوٹ ہیں۔ 75سالہ تمام سیاسی بابے رضاکارانہ ریٹائر منٹ کا اعلان کر کے نوجوانوں کو آگے آنے دیں یا پھر ہر سطح پر ریٹائرمنٹ کی عمر تادم مرگ کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی لیڈرشپ کی تیاری کیلیے بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کیے جائیں، بلدیاتی اداروں کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے،یہ کیسی جمہوریت ہے جو بلدیاتی اداروں کی تدفین کے بعد وجود میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کا نام ہے ۔سلیکٹڈ میرٹ، سلیکٹڈ انصاف اور سلیکٹڈ ترقی جمہوریت کی نفی ہے۔پاکستان عوامی تحریک جامع اصلاحات اور عوامی امپاورمنٹ کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔سیمینار میں خالدمصطفوی ایڈووکیٹ،خلیل اخترصدیقی، مقصود احمد قادری، غلام مصطفی ڈوگر، ظہورانور،چوہدری غلام مصطفی،ملک الیاس،ارشدمغل،نبیل ارشاد،سہیل مقصود، عمر فاروق، غلام محمدقادری،حافظ سرفرازاحمد،عمیرانصاری،اصغرفریدی،عمران مبارک،راناادیس،میاں ارسلان، منظورحسین، عابدحسین ودیگرنے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اختلاف رائے کے احترام اور ادب اختلاف کا نام ہے، افسوس پاکستان کی جمہوریت اختلاف رائے کے احترام سے ناواقف ہو چکی ہے، سوشل میڈیا پر جو گالم گلوچ کا ماحول ہے اس دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری واحد راہنما ہیں جن کی ساری توجہ نوجوانوں کے اخلاق و کردار سنوارنے پر مرکوز ہے، صالح اور باکردار نوجوان پاکستان اور امہ کا محفوظ مستقبل ہیں،سیمینار میں کہا گیا کہ بھرپور دفاع افواج پاکستان اور عوام کے اتحاد و یکجہتی کا ثمر اور مظہر ہے، تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی اور اتحاد و یکجہتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔



