صحافی ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کی بنیاد پر زیرِ عتاب ہیں،بغیر تحقیق کوئی بھی خبر فارورڈ نہ کریں، فاروق مرزا

ریڈ لپسٹک پروڈکشن ہاؤس میں معیاری فلمیں اور ڈرامے تیار کیے جائیں گے، میرا

فیصل آبا د (94 نیوز) چیئرمین فورتھ پلر فاروق مرزا نے پریس کلب فیصل آباد میں ڈیجیٹل دہشت گردی کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں جدت آ چکی ہے، اور ہم خود اس کے منفی اثرات کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے صحافی ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کی بنیاد پر زیرِ عتاب ہیں، کیونکہ یہ ناقابل تردید ثبوت فراہم کرتے ہیں۔فاروق مرزا نے پریس کلب فیصل آباد کے صدر شاہد علی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس حساس موضوع پر بات کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف بنائے جانے والے قوانین کے تحت حکومت اور سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو نشانہ بناتی ہیں۔ انہوں نے تمام صحافیوں کو خبردار کیا کہ واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کے ذریعے موصولہ مواد کو بغیر تحقیق فارورڈ نہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ڈیجیٹل پورٹل ہر کسی کے پاس موجود ہے، لیکن ففتھ جنریشن وار کا الزام ہمیشہ صحافیوں پر ہی کیوں لگایا جاتا ہے؟ فاروق مرزا نے کہا کہ صحافیوں کو کبھی کسی جماعت یا شخصیت کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے بلکہ ہمیشہ تحقیقاتی صحافت کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کام خبر دینا ہے، کسی کی ترجمانی کرنا نہیں۔فاروق مرزا نے یہ بھی کہا کہ چند لوگ ہماری افواج اور اداروں کے خلاف بے بنیاد باتیں پھیلاتے ہیں، اور یہ صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ مواد کو نہ شیئر کریں اور نہ ہی اس کا حصہ بنیں۔ انہوں نے پریس کلبز کو تجویز دی کہ وہ اپنے ممبران کے لیے اس موضوع پر تربیتی ورکشاپس منعقد کریں تاکہ صحافت کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی زندگی تحقیقاتی صحافت کرتے گزری ہے، اور انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور دین اسلام کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کیا ہے۔ تاہم، آج کل سوشل میڈیا پر جو صحافت ہو رہی ہے، وہ غیر معیاری اور صحافتی اصولوں کے منافی ہے۔ فاروق مرزا نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو خبروں کی تحقیق اور تصدیق پر بھرپور توجہ دینی چاہیے تاکہ معیاری صحافت کو فروغ دیا جا سکے۔
مشترکہ پر یس کانفرنس میں اداکارہ میرا نے فلمی منصوبوں پر گفتگو کے دوران اپنے پروڈکشن ہائوس ریڈ لپسٹک کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پروڈکشن ہائوس میں معیاری فلمیں اور ڈرامے تیار کیے جائیں گے، جو ناظرین کو بہترین تفریح فراہم کریں گے۔ میرا نے اپنی آنے والی فلم سمرن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جلد ریلیز ہونے جا رہی ہے، اور وہ اس کی پروموشن کے لیے فیصل آباد آئیں گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کی فلم ضرور دیکھیں اور امید ظاہر کی کہ یہ ناظرین کو پسند آئے گی۔پریس کانفرنس کا اختتام فاروق مرزا کے صدر پریس کلب شاہد علی کے شکریہ کے ساتھ ہوا، جنہوں نے اس اہم موضوع پر گفتگو کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔



