شام میں بشارالاسدحکومت کا خاتمہ، اسرائیل کاتاریخ کا سب سے بڑا فضائی آپریشن، شام کےعلاقوں پر قبضہ، آرمی، فضائیہ اور بحریہ کو تباہ کرکے رکھ دیا


دمشق/ تل ابیب (94 نیوز ویب ڈیسک) شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمہ کے بعد اسرائیل نے شام کے مختلف علاقوں پر شدید فضائی حملے کئے ہیں، جن میں اہم فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ حملے اس وقت کیے گئے جب اپوزیشن فورسز نے صدر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹا دیا اور شام میں ایک سیاسی خلا پیدا ہوا۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق بندرگاہی شہر لاذقیہ کے قریب اسرائیل نے ایک فضائی دفاعی مرکز کو نشانہ بنایا، شامی بحری جہازوں کو نقصان پہنچایا اور فوجی گوداموں کو تباہ کر دیا۔ دارالحکومت دمشق اور اس کے اطراف میں حملوں کا ہدف فوجی تنصیبات، تحقیقی مراکز، اور الیکٹرانک وارفیئر ایڈمنسٹریشن تھا۔
شام میں انسانی حقوق کے مبصر ادارے ایس او ایچ آر کے مطابق اسرائیل نے شام کے اہم ترین فوجی مقامات کو تباہ کر دیا ہے، جن میں ہوائی اڈے، گودام، طیاروں کے سکواڈرن، ریڈار، فوجی سگنل سٹیشن، اور مختلف مقامات پر ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ڈپو شامل ہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ گدعون سار نے گولان کی پہاڑیوں کے مشرق میں بفر زون میں فوجی دستے بھیجنے کو ایک "محدود اور عارضی اقدام” قرار دیا ہے جو "سیکیورٹی وجوہات” کے لیے کیا گیا۔ اسرائیل نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شامی سرزمین پر تقریباً 250 فضائی حملے کیے ہیں تاکہ سابق حکومت کی فوجی صلاحیتوں کو ختم کیا جا سکے۔اسرائیلی میڈیا نے اس کارروائی کو اسرائیلی فضائیہ کی تاریخ کی سب سے بڑی فضائی کارروائی قرار دیا ہے۔
الجزیرہ کے رپورٹر رسول سردار نے دمشق سے رپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے حملے منظم ہیں اور ان کا مقصد شام کے دفاعی مراکز کو تباہ کرنا ہے۔ تازہ حملوں میں تین بڑے ہوائی اڈوں (حمص، قامشلی، اور دمشق)، ہتھیاروں کے گوداموں، اور دیگر سٹریٹجک فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائیاں اس لیے کی جا رہی ہیں تاکہ یہ سٹریٹجک سہولیات اور فوجی سازوسامان اپوزیشن کے ہاتھ نہ لگیں۔
شام کی نو منتخب سیلویشن حکومت، جسے بشار الاسد کے وزیر اعظم محمد غازی الجلالی نے اقتدار سونپنے پر اتفاق کیا تھا، نے فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔امریکہ میں مسلم تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے امریکی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "شامی عوام کو غیر ملکی قبضے اور تشدد سے آزاد ہو کر اپنے ملک کی تعمیر نو کا حق حاصل ہے۔



