کمشنر فیصل آباد سلوت سعید ترقیاتی منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کرانے کے لئے سرگرم،

فیصل آباد چنیوٹ روڈ،فیصل آباد جڑانوالہ روڈ پر بلاتاخیر تعمیراتی کام کرانے، گٹ والا کو سفاری پارک بنانے کی سمری حکومت پنجاب کو بھجوانے کا حکم

فیصل آباد(94 نیوز میاں ندیم احمد سے)کمشنر فیصل آباد سلوت سعید عوامی بہبود کے جاری ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کرانے کے لئے سرگرم ہو گئیں۔ہائی ویزکے زیراہتمام فیصل آباد چنیوٹ روڈ،فیصل آباد جڑانوالہ روڈ پر بلاتاخیر تعمیراتی کام شروع کرانے کا حکم دے دیا۔انہوں نے صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام2024-25 کے تحت ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور واضح کیا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ترجیحی پراجیکٹس کی تیزرفتار تکمیل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے فیصل آباد ڈرائی پورٹ سے ساہیانوالہ، نیاموآنہ سمندری روڈ سے فش فارم لنک روڈز کی مرمت وبحالی پر تفصیلی بریفنگ بھی لی۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر فیصل آبادچنیوٹ روڈ پر کام ہوتا نظر آنا چاہیے۔شفافیت پر زیروٹالرنس پالیسی ہے۔کمشنر نے ایس ای ہائی ویزکو تاکید کی کہ شدید عوامی ضرورت کے منصوبوں کے مقامات پر موجود رہ کر تصاویر شیئر کریں۔فیصل آباد چنیوٹ روڈ اور فیصل آباد جڑانوالہ روڈ فیصل آباد کے بڑے پراجیکٹس ہیں۔انہوں نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ سے ٹراما سنٹر سمندری،سیف سٹی پراجیکٹ فیصل آباد،تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چک جھمرہ،ماڈل پولیس اسٹیشنز،جی او آر تھری ودیگر منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ لی جبکہ لوکل گورنمنٹ،واسا،ایف ڈی اے،سپورٹس،پی ایچ اے،ہائر ایجوکیشن ودیگر محکموں کو بھی جاری منصوبوں کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واسا کو سکیموں پر کام میں تیزی لانے کا حکم دیا جبکہ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کو گٹ والا کو سفاری پارک بنانے کے لئے سمری جلد حکومت پنجاب کو بھجوانے کی تلقین کی۔انہوں نے پارکنگ پلازہ بیرون چنیوٹ بازار کے حوالے سے ڈی ڈی ڈویلپمنٹ وپلاننگ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔کمشنر نے ترقیاتی سکیموں کی پراگریس کا جائزہ لینے کے لئے خود میدان میں آنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ثمینہ سیف نیازی نے بریفنگ دی اور بتایا کہ اے ڈی پی2024-25 کے تحت171 سکیموں پر کام جاری جس کا46 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہے۔نئی اے ڈی پی کے تحت99 ترقیاتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ایس ڈی جیز بمعہ نئی سکیمز برائے اے ڈی پی کی306 سکیموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔



