ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل پبلک سکول کی تعمیر کا آغاز ہوگیا، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری معائنہ کرنے پہنچ گئے


فیصل آباد(94 نیوز) ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل پبلک سکول کے کیمپس کے قیام کیلئے نئی بلڈنگ کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے۔ آٹھ کنال رقبہ پر اس جدید طرز کی دو منزلہ ایئرکنڈیشنڈ عمارت کی تکمیل پر بیس کروڑ روپے سے زائد فنڈز خرچ ہونگے جو کہ مرکزی جامع مسجد سے متصل بہترین محل وقوع پر واقع ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اس منصوبے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں کے آغاز کا معائنہ کیا اور کامیاب تکمیل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب نے ڈی پی ایس کیمپس کی عمارت کی تعمیر کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے پائیدار اور دیرپا تعمیر کویقینی بنایا جائے اس سلسلے میں تمام تر تکنیکی و فنی پہلوؤں اور منصوبے کی تصریحات کا خصوصی خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں کسی بھی لمحہ تعطل نہیں آنا چاہئے اور کوشش کی جائے یہ منصوبہ طے شدہ مدت چودہ ماہ سے قبل مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر فیصل آباد سلوت سعید ڈی پی ایس کیمپس کے اس منصوبے کی تیز رفتار تکمیل میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور اس عمارت کی تعمیر پر عملد رآمد کا کام ایف ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ کے سپرد کرنا ان کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے لہٰذا تمام تر فنی صلاحیتوں کو برو ئے کار لاتے ہوئے اس جدید عمارت کو فن تعمیر کا شاہکار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس جگہ ڈی پی ایس کیمپس کا قیام نہ صرف ایف ڈی اے سٹی کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ اس ایریا کی آبادیوں کے بچوں کو باوقار اور معیاری تعلیمی سہولیات میسر آئینگی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈی پی ایس کیمپس کی یہ عمارت گراؤنڈ و فرسٹ فلور اور ایڈمن بلاک سمیت مجموعی طور پر چودہ کلاس رومز دو دفاتر، دو کامن رومز، چار لیب، کانفرنس روم، سٹور روم، ڈسپنسری، ڈے کیئر سنٹر،تیس واش رومز اور دیدہ زیب لان پر مشتمل ہوگی جبکہ عمارت کے ڈیزائن میں خوشنمائی اور جدید فن تعمیر کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔



