ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کے تحت ٹریفک مینجمنٹ، سٹی ٹریفک پولیس کا خصوصی ٹریفک پلان


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر جاری تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی جانب سے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اقدامات جاری ہیں۔ بالخصوص سکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کے اوقاتِ کار میں طلبہ و طالبات کی محفوظ آمدورفت اور ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک وارڈنز کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جا رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں ڈی ایس پی سرکل سٹی میڈم ارم ناز نے گورنمنٹ کالج فار ویمن کارخانہ بازار کی پرنسپل سے ملاقات کی اور ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک صورتحال، کالج کے اوقاتِ کار میں ٹریفک کے دباؤ اور طلبہ و طالبات کی آمدورفت کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے تفصیلی مشاورت کی۔
ملاقات کے دوران کالج کے کھلنے اور چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کی روانی بہتر رکھنے، طلبہ و طالبات کو سڑک عبور کرنے میں سہولت فراہم کرنے اور رش کے اوقات میں ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان پر گفتگو کی گئی۔
ڈی ایس پی سرکل سٹی میڈم ارم ناز نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کے دوران شہریوں کو درپیش ٹریفک مسائل کے حل اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس فیلڈ میں متحرک ہے۔ تعلیمی اداروں کے اوقات میں ٹریفک وارڈنز کی خصوصی ڈیوٹیاں یقینی بنائی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ و طالبات، والدین اور دیگر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ٹریفک کے بہاؤ کو رواں رکھنے کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات اور دیگر روڈ یوزرز کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے متعلقہ اداروں اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ اور باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
کالج انتظامیہ نے طلبہ و طالبات کی محفوظ آمدورفت اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



