شہریوں کے مسائل کو نظرانداز کرنے والوں کا بوریا بستر گول کردیا جائےگا، محمد آصف چوہدری ڈی جی ایف ڈی اے


فیصل آباد (94 نیوز) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے خبر دار کیا ہے کہ شہریوں کے مسائل پر کان نہ دھرنے والے اہلکاروں کا بوریا بستر گول کر دیا جائیگا لہذا سرکاری فرائض کی ادائیگی کے حوالے اپنا قبلہ درست رکھیں اور کسی کو شکایت کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز میں کسی قسم کی رکاوٹ یا رخنہ اندازی کو برداشت نہیں کیا جائیگا لہذا سٹاف کو چاہئیے کہ وہ کسی بھی درخواست کو قطعاً نظر انداز نہ کریں اور نیک نیتی کے ساتھ کم سے کم وقت میں درخواست گزار کا مسئلہ حل کیا جائے ۔ انہوں نے سیوریج کے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے واسا حکام کو ہدایات جاری کئیں جبکہ تجاوزات کے خاتمے، غیر قانونی، کمرشلائزیشن ، غیر منظور شده ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف فوری ایکشن لینے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی کی ٹرانسفر کے حوالے سے فریقین کو آسان سہولیات فراہم کی جائیں اور ٹی پی رپورٹ /اونر شپ سرٹیفکیٹس کے اجراء اور بلڈنگ پلان کی منظوری کے سلسلے میں امور مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے افسران سے کہا کہ وہ اپنے ماتحت سٹاف کی کار کردگی پر نظر رکھیں، کام چور، بددیانت اور غفلت شعار ملازمین کا سختی سے محاسبہ ہونا چاہیئے۔



