گندم کی کاشت کے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر زراعت

ملتان میں ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت، رواں سیزن گندم کی کاشت کا صوبائی ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر جبکہ سرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کی کاشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت گندم کی کاشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز احمد مگسی، کمشنر ملتان عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، کاشتکار سید حسن رضا، سردار جمیل الرحمن بزدار، محمد الیاس سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے جبکہ کمشنر ڈی جی خان ڈویژن چوہدری اشفاق احمد اور دونوں ڈویژنز کے ڈپٹی کمشنرز آن لائن شریک ہوئے۔
وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں گندم کی کاشت کے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی بوائی کی موجودہ مہم نہایت حوصلہ افزا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز فعال اور عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہاکہ گندم ملکی فوڈ سکیورٹی کیلئے ناگزیر ہے اور حکومت اس حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔بعد ازاں وزیر زراعت پنجاب ملتان میں ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان بھی موجود تھے۔وزیر زراعت پنجاب نے بتایا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو 10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں سے ملتان ڈویژن میں 1087 ٹریکٹرز کی فراہمی جاری ہے۔وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ رواں سیزن گندم کی کاشت کا صوبائی ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر ہے جبکہ سرکاری رقبوں پر 100 فیصد گندم کی کاشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسان کارڈ کے تحت اب تک 6 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو 90 ارب روپے سے زائد بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کسان کارڈ ہولڈرز اپنی واجب الادا رقم جمع کروانے پر صرف 24 گھنٹوں کے اندر دوبارہ قرض کے اہل ہو جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبے میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر حقیقی معنوں میں ٹرانسفارم کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کے بھرپور تعاون کو بھی سراہا۔اس موقع پرکمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں گندم کی کاشت کا ہدف 17 لاکھ 76 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر زراعت پنجاب اور سیکرٹری زراعت پنجاب نے ملتان میں قائم ماڈل ایگریکلچر مال کا دورہ کیا اور وہاں موجود آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔وزیر زراعت نے ہدایت کی کہ ماڈل ایگریکلچر مال کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کیا جائے۔بعد ازاں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت پنجاب نے کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر وزیر زراعت نے ہدایت کی کہ کپاس پر تحقیق کے عمل میں تیزی لائی جائے اور سائنسدانوں کو ہدف دیا کہ کلائمیٹ سمارٹ اقسام کی دریافت کو ترجیح دی جائے تاکہ کپاس کی پیداوار میں استحکام آ سکے۔



